ہلال احمر کا ادارہ دنیا بھر میں انسانیت کی خدمت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے: ڈپٹی کمشنر عامر خٹک

90

ملتان7 اکتوبر(اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا ہے کہ ہلال احمر کا ادارہ دنیا بھر میں انسانیت کی خدمت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے،ملتان میں ہلال احمر کے وسائل میں اضافہ کیا جائے گا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار اپنی زیرصدارت ڈسٹرکٹ ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنرعامر خٹک نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے علاوہ پرائیویٹ سیکٹر کے ذریعے ہلال احمر کے ٹکٹ فروخت کئے جائیں گے،ایکسائز،ریونیو اور دیگر محکموں کے ذریعے ٹکٹ فروخت کر کے فنڈز حاصل کئے جائیں گے،ساتھ ہی ہلال احمر ٹکٹس کی فروخت کے لئے بڑے پرائیویٹ تعلیمی اداروں کی خدمات حاصل کی جائیں گی،اس طرح حاصل ہونے والی رقم ریڈ کریسنٹ کے فلاحی کاموں میں استعمال کی جائے گی،انہوں نے کہا کہ ریڈکریسنٹ زنانہ ہسپتال گلگشت کالونی اور ایم سی ایچ سنٹر جلیل آباد میں سہولیات میں اضافہ کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے سی ای او ہیلتھ کو ان دو سنٹرز میں ضروری سٹاف اور مشینری فراہم کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے مزید کہا کہ چہلم امام حسین اور عید میلاد النبی کے موقع پر ہلال احمر کے رضاکاروں کی خدمات حاصل کی جائیں گی اور ہلال احمر کے رضا کاروں کو ضلعی انتظامیہ خصوصی کارڈ جاری کرے گی۔

اجلاس میں کوآرڈنیٹر راو امجد علی اور ڈی ایچ او ڈاکٹر سید علی مہدی،ڈسٹرکٹ آفیسر ریڈ کریسنٹ ولید زبیر اور دیگر افسران نے  بھی شرکت کی۔