ذکر رسول اللہ ﷺ کرنا ہمارے ایمان کی جان اور   خوراک ہے؛ نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ

0
38

میرپورخاص،21 نومبر (اے پی  پی ): نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ ممتاز حسین سہتو ایڈوکیٹ نے   کہا ہے کہ  ذکر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کرنا ہمارے ایمان کی جان ہے اور   ایمان کی خوراک ہے، مومن کا سب سے بڑا سرمایہ اور اثاثہ مدحت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہے ۔انہوں نے کہا  کہ جماعت اسلامی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی برپا کردہ اس تحریک کا تسلسل ہے  جس کا مقصد پوری دنیا سے کفر و شرک اور ظالمانہ و فرسودہ نظام کا خاتمہ ہےاور خصوصاً پاکستان جو کہ اس وقت کرپشن و لوٹ مار کا شکار ہے ،کمزور آدمی کمزور ہوتا چلا جارہا ہے ایک مخصوص مسلط ٹولہ ملک کے خزانے پر  ٹوٹ پڑا ہے جس سے ملکی معیشت تباہی و بربادی کا شکار ہے  ۔

ان خیالات کا اظہار نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ ممتاز حسین سہتو ایڈوکیٹ نے جماعت اسلامی میرپورخاص کے تحت منعقدہ سالانہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں   نے  کہا کہ ملکی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ملک  پر مسلط سودی نظام ہے  جس کی وجہ سے ملکی معیشت تباہی کے کنارے کھڑی ہے، حکمراں  ماہ ربیع الاول میں ملک سے سودی نظام کے خاتمے کا اعلان کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فرانس کی جانب سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں کی گئی گستاخی نظریاتی دہشت گردی ہے،  بین الاقوامی ادارے  فرانس کو اس دہشت گردی سے روکے ،دوسری صورت میں ان کو دنیا بھر کے  دو ارب انسانوں کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

کانفرنس  میں امیر جماعت اسلامی میرپورخاص حاجی نور الہی مغل  محمد رفیق چوہان قاری احسان الہی مغل  سمیت دیگر ذمہ داران ،کارکنان  معززین شہر نے شرکت کی۔