آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سید خورشید شاہ پرفرد جرم عائد نہ ہوسکی،سماعت 30 نومبر تک ملتوی

272

سکھر،19 نومبر( اے پی پی ): آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس  میں سید خورشیداحمد شاہ کواحتساب عدالت سکھر میں پیش کیا گیا۔سید خورشید شاہ سمیت 18 افراد پر ایک ارب 23 کروڑ سے زائد آمدن سے زائد اثاثہ جات بنانے کا الزام ہے۔جمعرات کو احتساب عدالت سکھرکے جج فرید انور قاضی نے سماعت کی۔صوبائی وزیر اویس قادر شاہ اور ایم پی اے فرخ شاہ پیش نہ ہوسکے۔

احتساب عدالت نے مختصر کارروائی کے بعد سماعت 30 نومبر تک ملتوی کردی۔کچھ ملزمان کی عدم پیشی کے باعث ملزمان پر فردجرم عائد نہ ہو سکی۔سماعت کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔سید خورشید شاہ کو این آئی سی وی ڈی سے ایمبولینس میں احتساب عدالت لایا گیا۔سید خورشید شاہ ، ان کی دو بیگمات، دو بیٹے، داماد ، صوبائی وزیر سید اویس شاہ سمیت 18 افراد پر ریفرنس دائر ہے۔ صوبائی وزیر سید اویس شاہ کے بھائی شریک ملزم سید جنید شاہ کی گذشتہ روز ہائی کورٹ نے 15 دسمبر تک عبوری ضمانت منظور کی تھی۔