اسپیکر قومی اسمبلی سے پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعد المالکی  کی ملاقات

114

اسلام آباد، 26 نومبر (اے  پی پی ): اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعد المالکی  نے  جمعرات کو یہاں   ملاقات کی ہے،ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران  گفتگو کرتے  ہوئے اسپیکر اسد قیصر  کا کہنا تھا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے خوشگوار برادرنہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،  پاکستان کو سعودی عرب کےساتھ اپنی سدا بہار دوستی  پرفخر ہے۔سعودی عرب نے پاکستان میں سماجی ترقی  کے لیے ہمیشہ فراخ دالانہ مدد کی۔سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے پاکستان کی سلامتی و  ترقی کےلیے تاثرات  قابل تحسین ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مسلم اُمہ کو درپیش چیلنجز کے لیے یکجہتی وقت کی اہم ضرورت ہے،دونوں ممالک  کی پارلیمانوں میں مسلسل رابطے دونوں برادر ممالک میں تعلقات کو مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔پاکستان تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ خوشگور تعلقات چاہتا اور تمام تصفیہ طلب معاملات کو مذکرات کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب میں معاشی اور سماجی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔

سعودی سفیر نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہےاور مخلص دوست اور بھائی تصور کرتا ہے،دونوں ممالک کے مابین  دوستی کا رشتہ ہر گزرتے دن کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہو رہا ہے ۔

سعودی سفیر نے بتایا کہ پاکستانی پارلیمانی وفد کے حالیہ دورہ سعودی عرب سےدوطرفہ تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔

سعودی سفیر نے اسپیکر کو سعودی عرب کی جانب سے  پاکستان میں سماجی شعبوں میں تعاون کو جاری رکھنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے  کہا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی تارکین وطن سعودی عرب کی تعمیر ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں،نئے لیبر قوانین لاگو ہونے سے سعودی عرب میں کام کرنے والے تارکین وطن کے لیے سہولیات پیدا ہوں گی۔