بحری سرحدوں کے دفاع کیلئے پاک بحریہ ہمہ وقت تیار ہے؛ نیول چیف

246

اسلام آباد،11نومبر(اے پی پی):چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کہا ہے کہ بحری سرحدوں کا دفاع پاک بحریہ کی اولین ذمہ داری ہے اور پاک بحریہ اس کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار  ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے  کرِیکس ایریا کے دورہ کے موقع پرجنوب مشرقی سرحد کے ساتھ موجود اگلے مورچوں  میں تعینات افسروں اور جوانوں سے ملاقات کے دوران کیا۔

نیول چیف نے مشکل موسمی حالات اور دشوار گزار علاقے میں فرائض کی انجام دہی پرجوانوں کے حوصلے اور عزم کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی بحری سرحدوں کے دفاع میں جذبے کے ساتھ ساتھ ہتھیاروں اور آلات کا بھرپور استعمال بھی اہمیت کا حامل ہے.

قبل ازیں سجاول میں بریگیڈ ہیڈ کوارٹرز آمد پر کمانڈر کوسٹ وائس ایڈمرل زاہد الیاس نے چیف آف دی نیول اسٹاف کا استقبال کیا۔ امیرالبحر کو کرِیکس ایریا میں درپیش خطرات اور پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر  تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔