تعلیم کے شعبے کی بہتری کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا : وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان

194

کوئٹہ 23نومبر(اے پی پی): وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ تعلیم کے شعبے کی بہتری کے لئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا، ہیومن ریسورس پر سرمایہ کاری اور اساتذہ کی کارکردگی کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی کو بروئے لانے کیلیے مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے جائیں، ان خیالات کااظہار انہوں نے محکمہ ثانوی تعلیم کی جانب سے محکمانہ امور، ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت، نئے پرائمری اور مڈل اسکولز کے قیام کی منصوبہ بندی سمیت دیگر امور سے متعلق منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کو سیکریٹری ثانوی تعلیم نے سنگل نیشنل کریکولم، بلوچستان ٹیکسٹ بک بورڈ، پراونشل انسٹیٹیوٹ فار ٹیچرز ایجوکیشن (پائیٹ)، پی پی آئی یو اور ریئل ٹائم اسکول مانیٹرنگ (آر ٹی ایس ایم) سمیت محکمے میں جاری ترقیاتی اسکیمات، فارن فنڈڈ پروگرامز سمیت محکمہ کی مجموعی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی انہوں نے اجلاس کو صوبے کے لٹریسی ریٹ، انرولمنٹ، اساتذہ کی تربیت کے لیے کیے گئے اقدامات سمیت دیگر امور کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں شرح خواندگی میں اضافہ کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے ایسا ڈیجیٹل ایپ متعارف کرایا جائے جس میں دلچسپ فیچرز اور نصاب سے متعلق معلومات ہو تاکہ طلباءمذکورہ ایپ میں دلچسپی لیتے ہوئے ٹیکنالوجی کی مدد سے اپنے تعلیمی کیریئر کو جاری رکھ سکیں، انہوں نے ہدایت کی کہ ایف ایم اور یوٹیوب چینل کے اجراءکے لئے بھی اقدامات کیے جائیں وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ محکمہ صحت کی طرز پر فارغ التحصل گریجویٹس کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیے کنٹریکٹ کی بنیادوں پر ڈسٹرکٹ اور یونین کونسل کی سطح پر تقرریاں کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل سے نہ صرف تعلیمی معیار بہتر ہوگا بلکہ روزگار کے وسیع مواقع بھی گریجویٹس کو میسر آئیں گے۔

محمد بلال/فاروق