ریاست مدینہ کا قیام وزیراعظم عمران خان کا عزم ہے:  ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

236

لاہور 19 نومبر (اے پی پی): ہفتہ شان رحمت اللعالمینؐ کے چوتھے روز لاہور کے مقامی ہوٹل میں عالمی بین المذاہب مشائخ و علماء کنونشن سے خطاب میں معاون خصوصی وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی کہا کہ ہم کسی حکومت، سیاست یا ذاتی مفاد نہیں بلکہ ایک عظیم مقصد کے لئے اکٹھے ہوئے ہیں جو دنیا اور آخرت میں نجات کا ذریعہ ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا ہفتہ رحمت اللعالمین منانے کا اقدام قابل تحسین ہے۔ یہ محفل ان لوگوں کے لئے واضح پیغام ہے جو ہمیں مذہب کے نام پر تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔ یہ واضح ہو گیا کہ سب عاشقان رسول حرمت رسول ﷺ پر مر مٹنے کیلئے تیار ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان پاکستا ن کو ریاست مدینہ کی طرز پر ایک فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں جس کے لئے وہ آپ ﷺ متعین کردہ رہنما اصولوں پر عمل پیرا ہیں۔ آپ ﷺ کی ذات اقدس ہمارے لئے چشمہ ہدایت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کا محور پسے ہوئے طبقات کو مراعات یافتہ افراد کے برابر لانا ہے۔ حکومت پنجاب ریاستی امور کی انجام دہی میں ریاست مدینہ سے رہنمائی لے رہی ہے۔ پنجاب کے تعلیمی نصاب میں شان اقدس اور سیرت طیبہ ﷺ  پر مضامین شامل کئے گئے ہیں۔ معاون خصوصی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں کو مغرب کے بجائے اسوہ حسنہ ﷺ کی تلقید کرنی چاہئے ۔ حکومت پنجاب نے 25 کروڑ روپے کے وظائف دیئے تاکہ طلباء سیرت طیبہ سے متعلق موضوعات پر تحقیقی مکالہ جات اور ریسرچ کریں اور دنیا کے سامنے اسلام اور سیرت نبوی کا اصل چہرہ پیش کیا جائے۔ ہمارے نوجوان سوشل میڈیا کے ذریعے مغرب کی جانب سے اسلام کے خلاف ہونے والے پراپیگنڈہ کا جواب دیں۔ انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت  ﷺ کے حوالے سے وزیر اعظم  عمران خان کا عالمی رہنماؤں کو خطوط تمام پاکستانیوں کی ترجمانی ہے۔ صوبائی وزراء،اراکین اسمبلی، عالمی مندوبین، اکابرین.معروف مشائخ وعلماء  اور دیگر مذاہب کے قائدین کنونشن میں شرکت کی۔کنونشن میں تلاو ت قرآن پاک کی سعادت مولانا ڈاکٹر قاری احمد میاں تھانوی نے حاصل کی۔معروف نعت خواں نور محمد جرال نے  حضور ﷺ کی شان میں ہدیہ عقیدت پیش کیا۔ بھارت سے آئے مندوب پیر خواجہ فرید الدین فخری، تیونس کے مندوب الشیخ فضل بن محمد القیر وانی لتونسی، ایران کے مندوب الشیخ الدکتور سلمان النقوی کنونشن ،ہندو برادری کے  ڈاکٹر منور چاند، سابق بشپ آف لاہور الیگزینڈر جان ملک اور سردار کلیان سنگھ کلیان بھی کنونشن میں شریک ہوئے۔ کنونشن میں چاروں مسالک کے جید علماء کرام علامہ سید ریاض حسین نجفی، صاحبزادہ حافظ فضل الرحیم،صاحبزادہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، علامہ سید ضیا اللہ شاہ بخاری، علامہ ہادی الحسینی، حافظ زبیر احمد ظہیر،علامہ محمد حسین اکبر اور دیگر علماء کرام و مشائخ عظام نے بھی شرکت کی۔