لاہور 27 نومبر (اے پی پی): صوبائی وزیر تعلیم پنجاب ڈاکٹر مراد راس نے نجی سکولوں کی آن لائن رجسٹریشن کے لئے ای لائیسنس سسٹم کا افتتاح کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا پنجاب میں 60 ہزار سے زائد نجی سکول موجود ہیں جن کے لئے سسٹم بنانا انتہائی اہمیت کا حامل تھا, تاریخ میں پہلی بار ایک ایسا سسٹم متعارف کرایا ہے جس کے تحت لوگ اپنے سکولوں میں بیٹھے آن لائن رجسٹریشن کروا سکتے ہیں, جب تک آپ لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا نہیں کریں گے تب تک لوگ سسٹم سے دور رہتے ہیں، مارچ تک تمام نجی سکول مالکان کو مفت آن لائن رجسٹریشن کرنے کا موقع دیا جا رہا ہے، ای لائیسنس کے حصول کے لئے فیس بھی آب لائن جمع کرائی جا سکے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا ای لائیسنس کے انعقاد کے ساتھ سکولوں کی آن لائن رجسٹریشن کی بدولت سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے پاس نجی سکولوں کی مکمل ڈیٹا بیس تیار ہو گی, اس سسٹم سے پہلے پنجاب بھر میں موجود نجی سکولوں کے حوالے ہمارے پاس کوئی جامع معلومات موجود نہیں تھیں, صوبے بھر میں اب تک 26000 سے زائد نجی سکولوں نے آن لائن سسٹم کے تحت ای لائیسنس حاصل کیا ہے, ٹیکنالوجی کا بھرپور اور جامع استعمال شفافیت کو یقینی بنانے میں مدد فراہم کرتا ہے,ہم ایسا نظام لانے پر کام کر رہے ہیں جس کے لاگو ہونے کے بعد ہر سٹیک ہولڈر کی مکمل توجہ اپنے اہنے کام پر ہو گی۔











