قیدیوں کی فلاح و بہبود میرا اولین ایجنڈا ہے؛ وزیر کالونیز و جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان

275

لاہور، 4 نومبر (اے پی پی): وزیر کالونیز و جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے جیل ریفارمز کا اہم ٹاسک سونپا گیا ہے، تمام قیدیوں بالخصوص عورتوں اور کم سن قیدیوں کی فلاح و بہبود میرا اولین ایجنڈا ہے، جیل سے نکلنے والے ہر فرد کو عادی مجرم سے معاشرے کا ذمہ دار شہری بنانے پر ساری توجہ ہو گی۔

ان خیالات کا اظہار وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے جیل ہیڈ کوارٹرز میں آئی جی جیل خانہ جات مرزا شاہد سلیم بیگ سے ملاقات اور محکمانہ امور پر تفصیلی بریفنگ کے دوران کیا۔ ملاقات میں صوبے بھر کی جیلوں میں بہتری لانے کے لئے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پنجاب کی تمام جیلوں میں قیدیوں کو یکساں سہولیات کی فراہمی اور وی آئی پی کلچر کا خاتمہ بھی میری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر سول سوسائٹی، سوشل سیکٹر اور این جی اوز کو بھی جیل ریفارمز ایجنڈے میں شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

وزیر جی جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کیمپ جیل فیروز پور روڈ کا دورہ بھی کیا اور قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، ملاقات کے طریقہ کار، کھانے اور دیگر سہولیات کا معائنہ کیا۔