لاہور،27نومبر (اے پی پی): گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ مخالفین کے جلسے ”کورونا پھیلاؤ ”مہم کا حصہ ثابت ہوں گے۔یہ وقت حکومت کیخلاف نہیں کورونا کے خلاف جنگ لڑ نے کا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی جلسوں کی ضد کسی صورت ملک وقوم کے مفاد میں نہیں۔حکومت مضبوط اور مستحکم ہے جلسوں سے کوئی فر ق نہیں پڑیگا ۔
گور نر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ڈپٹی سپیکر صوبائی اسمبلی سردار دوست مزاری نے ملاقات کی ہے ۔دوران ملاقات گفتگو کرتے ہوئے گورنر چوہدری محمدسرور نے کہا کہ ہم پاکستان کو آگے اور مخالفین پاکستان کو پیچھے لیکر جانا چاہتے ہیں۔انشاء اللہ پاکستان کامیابیوں کیساتھ آگے بڑھتا رہیگا۔آج پار لیمنٹ اور جمہوریت سمیت تمام ادارے مضبوط ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پہلی بار موجودہ حکومت نے اداروں میں سیاسی مداخلت کو ختم کردیا ہے۔وزیر اعظم عمران خان ملک کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے کے مشن پر گامزن ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کورونا سے بچائو کیلئے ہر سطح پر ایس او پیز پر مکمل عملددرآمد ضروری ہے۔وفاقی اور پنجاب حکومت عام آدمی کے مسائل حل کر نے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
اس موقع پر سردار دوست محمد مزاری نے کہا کہ وزیر اعظم پر قوم کو مکمل اعتماد ہے اپوزیشن کے عزائم ناکام ہوں گے۔اپوزیشن کو چاہیے وہ جلسوں کی ضدکو چھوڑ کر کورونا ایس اوپیز پر عمل کرے۔











