نوشہرہ ورکاں ،27 نومبر (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنرگوجرانوالہ سہیل اشرف کی ہدایت پر ناجائز قابضین کے خلاف بلاتفریق آپریشن جاری ہے۔ محکمہ اوقاف نے شہر کے نواحی گاؤں بھدے میں خانقاہ حضرت شاہ چھتہ کی 112کنال10مرلہ اراضی واگزار کروا لی ،اسسٹنٹ کمشنرراشداقبال نے آپریشن کی نگرانی کی۔
اس موقع پر محکمہ مال اوراوقاف کےعملہ کے ہمراہ پولیس کی بھاری نفری موجود تھی۔دوران آپریشن مزاحمت کرنے پر 15افراد کیخلاف مقدمہ درج کروا دیاگیاہے۔
اسسٹنٹ کمشنرنوشہرہ ورکاں راشد اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سہیل اشرف کی قیادت میں ناجائز قابضین کے خلاف بلا تفریق آپریشن جاری ہےجبکہ سرکاری املاک پر قابض کسی رعایت کے مستحق نہیں۔قابضین سے نہ صرف جگہ واگزار کروائی جارہی ہیں بلکہ ان سے ناجائز قبضہ کے دورانیہ کاتاوان بھی وصول کرکے سرکاری خزانہ میں جمع کروایاجائے گا۔











