مستقبل کے جنگی میدان کے چیلنجوں سے نمٹنے  کیلئے  جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانا انتہائی اہم ہے؛ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

211

راولپنڈی،27نومبر  (اے پی پی):بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مستقبل کے جنگی میدان کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے دفاعی پیداوار میں خود انحصاری کے حصول کے لئے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانا انتہائی اہم ہے۔

 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو پاکستان آرڈننس فیکٹریز (پی او ایف) واہ کے دورے کے دوران کیا جہاں انہیں مختلف پروڈکشن یونٹس کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ پاکستان کی مسلح افواج کی موجودہ آپریشنل ضروریات کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے حصول، پائیدار اور کم لاگت پروڈکشن کے سلسلہ میں جدت آمیزی، مستقبل کے پراجیکٹس اور حاصل شدہ اہداف پر مرکوز تھی۔

 جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پی او ایف مسلح افواج اور ملکی دفاع کے لئے مرکزی کردار ادا کر رہا ہے۔ بری فوج کے سربراہ نے پی او ایف سٹاف کی انتظامیہ اور کارکنوں کی کاوشوں کو سراہا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پی او ایف واہ میں ڈسپلے لاؤنج کا بھی دورہ کیا جہاں پی او ایف میں تیار کردہ دفاعی مصنوعات رکھی گئی ہیں۔ انہیں برآمدات پر مبنی بین الاقوامی وینچرز کے لئے پی او ایف کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا گیا جو قومی خزانہ میں اضافہ کا سبب ہو گا۔

 قبل ازیں پی او ایف واہ پہنچنے پر بری فوج کے سربراہ کا استقبال لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر نے کیا۔