ملتان، 11 نومبر (اے پی پی): کمشنر ملتان ڈویژن جاوید اختر محمود نے میونسپل لائبریری کی اپ گریڈیشن کی ہدایت کرتے ہوئے میٹروپولیٹن کارپوریشن کو لائبریرین کی خالی سیٹ پر فوری بھرتی کے احکامات جاری کیے اور کہا کہ کا اخبار میں بھرتی کیلئے اشتہار دیا جائے۔
ان خیالات کا اظہار کمشنر جاوید اختر محمود نے میونسپل لائبریری کے اچانک دورہ کے موقع پر کیا۔
کمشنر ملتان نے میٹروپولیٹن کارپوریشن کو میونسپل لائبریری کی اپ گریڈیشن کے تخمینہ کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ میونسپل پبلک لائبریری میں ریڈنگ روم کی تعمیر بھی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ کتابیں قومی سرمایہ ہیں اور انکی حفاظت کا نظام وضع کیا جانا ضروری ہے،کتب خانے معاشرے میں امن کے ضامن ہوتے ہیں۔
بعدازاں کمشنر ملتان نے لانگے خان لائبریری کا بھی دورہ کیا۔اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر عاشق محمد خان درانی نے کمشنر ملتان کو سیرت نبوی صلی اللہ علیہ وسلم پر کتاب بھی تحفہ میں دی جبکہ اس موقع پر پروفیسر انور جمال،رشید ارشد سلیمی،عمر دین بھی موجود تھے۔
باغ لانگے خان لائبریری کے دورہ کے موقع پرکمشنر ملتان نے سب رجسٹرار آفس کے باہر سڑک پر غیر قانونی پارکنگ کا نوٹس لیتے ہوئے سڑک پر گاڑیاں پارک کروا کر فیس لینے پر ٹھیکیدار کی سرزنش کی۔ انہوں نے کہا کہ چلڈرن کمپلیکس تا لائبریری تمام تجاوزات کا فوری خاتمہ کیا جائے۔
انہوں نے سی پی او ملتان کو لائبریری کے اطراف منشیات فروشوں کے اڈوں پر کارروائی کی ہدایت کی جبکہ ڈائیریکٹر سوشل ویلفیئر تمام نشہ کے عادی افراد کو ری ہیبلی ٹیشن سنٹر داخل کروانے کے احکامات دیے۔
انہوں نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو لائبریری کے اطراف کی فوری صفائی کا حکم بھی دیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وقاص خان خاکوانی اور سی او میٹروپولیٹن کارپوریشن شاہد اقبال بھی موجود تھے۔











