پاکستان اور افغانستان کے مابین، گہرے ،دیرینہ، ،تہذیبی اور تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں؛ مخدوم شاہ محمود قریشی

278

کابل ،  19 نومبر (اے پی پی): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے  کہا  ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین، گہرے ،دیرینہ، ،تہذیبی اور تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں،وزیر اعظم عمران خان شروع سے اسی موقف پر قائم ہیں کہ افغان مسئلے کو طاقت کے ذریعے حل نہیں کیا جا سکتا  اور  پاکستان، ہمیشہ افغانستان میں دیرپا اور مستقل قیام امن کیلئے، افغان قیادت میں افغانوں کو قابلِ قبول مذاکرات کا حامی رہا ہے۔

ان خیالات  کا  اظہار   وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے   وفد کے ہمراہ جمعرات کو   یہاں   افغانستان کے وزیر خارجہ محمد حنیف آتمر کے ساتھ ملاقات  میں  کیا، دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات ، افغان امن عمل ،خطے میں امن و امان کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا  گیا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ  خطے کا امن و استحکام، افغانستان میں قیام امن سے مشروط ہے،ہمیں خوشی ہے کہ آج دنیا پاکستان کے موقف کی تائید کرتے ہوئے، افغان امن عمل میں پاکستان کے مصالحانہ کردار کو سراہ رہی ہے۔انہوں نے  کہا کہ  افغانستان میں دیرپا اور مستقل قیام امن کیلئے، بین الافغان مذاکرات کا کامیابی سے ہمکنار ہونا ناگزیر ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اعلیٰ سطحی افغان مصالحتی کونسل کے چیرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ، گلبدین حکمت یار اور سپیکر افغان ویلوسی جرگہ رحمان رحمانی سمیت اعلیٰ سطحی افغان وفود کے حالیہ دورہ ء پاکستان اور ان کے ساتھ ہونیوالی سیر حاصل ملاقاتیں، پاکستان اور افغانستان کے مابین کثیر الجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کی علامت ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ٹرانزٹ ٹریڈ اور پاک افغان ترجیحی تجارتی معاہدے  دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے حجم میں خاطر خواہ اضافے کا موجب ہوں گے ، پاکستان اور افغانستان کے مابین امن و استحکام کیلئے عملی منصوبہ (APAPPS ) کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے۔

 مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ  پاکستان، افغان مہاجرین کی باوقار وطن واپسی کا متمنی ہے ،افغان شہریوں کی سفری مشکلات کو پیش نظر رکھتے ہوئے ان کی سہولت کیلئے پاکستان نے نئی ویزا پالیسی کا اجراء کیا۔انہوں  نے کہا کہ  پاکستان، افغانستان سمیت خطے میں امن و استحکام کیلئے اپنی مخلصانہ کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہیں ۔

افغان وزیر خارجہ محمد حنیف آتمر نے افغان امن عمل میں پاکستان کی مخلصانہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے، دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے حکومت پاکستان کی جانب سے اٹھائے گئے عملی اقدامات پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔

مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود اور افغانستان میں پاکستان کے نمائندہ خصوصی سفیر  محمد صادق بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ موجود تھے ۔

قبل ازیں   افغان وزیر خارجہ نے افغانستان آمد پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو خوش آمدید کہا،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود نے پرتپاک خیر مقدم پر افغان ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔