کورونا  وبا کے باعث یونیورسٹیوں  کیلئے ورچوئل تعلیم کے ذریعے معیار تعلیم کو بڑھانے کا سنہری موقع ہے؛صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

205

کراچی ،28نومبر  (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ کورونا کی وبا کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال میں یونیورسٹیوں کے لئے ورچوئل تعلیم کے ذریعے معیار تعلیم کو بڑھانے کا سنہری موقع ہے، یونیورسٹیوں کے ویزن کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کی ضرورت ہے۔ وہ ہفتہ کو یہاں سول سوسائٹی کے ایک وفد سے گفتگو کر رہے تھے،وفد کی قیادت حاجی حنیف طیب کر رہے تھے۔

 صدر مملکت کو وفاقی اردو یونیورسٹی برائے آرٹس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو درپیش مسائل کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ آن لائن تعلیم کی ضرورت کے حوالے سے صدر مملکت نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا نے پاکستان میں آن لائن تعلیم کی اہمیت کو آشکار کیا ہے۔ اس ضمن میں ورچوئل یونیورسٹی ارزاں اور معیاری تعلیم کی فراہمی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

 وفاقی اردو یونیورسٹی آف آرٹس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو بھی آن لائن تعلیم کو فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں برین ڈرین اعلیٰ تعلیم کے شعبہ کی عدم توجہی کی نتیجہ ہے، یونیورسٹیوں کے ویژن کو مستقبل کی ضروریات سے ہم آہنگ بنا کر اس صورتحال کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔صدر مملکت نے وفاقی اردو یونیورسٹی چربہ سازی کی روک تھام اور بہترین علوم کے ترجمے کے زریعے اُردو زبان کو فروغ دینے کی تاکید کی اور کہا کہ اس اقدام سے ناخواندگی کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔