تمام اداروں میں ٹارگٹ سیٹ کئے جائیں گے ، میرٹ کو یقینی بنائیں گے ، وزیراعلی گلگت بلتستان خالد خورشید کا اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

162

گلگت،1دسمبر  (اے پی پی):وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشیدنے کہا ہے کہ  حکومت  کے  آنے کے بعد عوام کی بہتری کےلئے کام کرنا ہے، میڈیکل کالج جو گلگت بلتستان کےلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے بہت جلد میڈیکل کالج کو عملی جامہ پہنایا جائے گا ۔ تمام اداروں میں ٹارگٹ سیٹ کئے جائیں گے ، میرٹ کو یقینی بنائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ  تھرو فارورڈ کو کم کیا جائے گا  جبکہ  اے ڈی پی میں اضافہ کرنے پر توجہ دی جائے گی۔

منگل کویہاں    اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشیدنے کہا کہ  سیاحت، جنگلات اور توانائی کے شعبے پر خصوصی توجہ دی جائے گی، گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی کےلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ، صحت کا شعبہ اانتہائی   اہمیت کا حامل ہے ، ہسپتالوں میں جدید سہولیات کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی ۔انہو ں نے کہا  کہ ڈاکٹروں کو درپیش مسائل  ترجیحی   بنیادوں  پر حل کئے جائیں گے ۔

 وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشیدنے کہا کہ خواتین کی تعلیم پر توجہ دی جائے گی ، توانائی اور معدنیات جیسے اہم شعبوں پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی ۔ مختلف علاقوں میں سکول اور ڈسپنسریاں تعمیر کی گئی ہیں لیکن سٹاف نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں مل رہاہے ۔ صحت اور تعلیم کے شعبے میں سٹاف کی کمی دور کی جائے گی ۔ جنگلات کے کٹاو کی روک تھام کےلئے سخت اقدامات کئے جائیں گے ۔ ہماری ترجیح ہے کہ جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور نئے جنگلات اگائیں جس کےلئے وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے شروع کئے جانے والے بلین ٹری سونامی کے تحت نئے جنگلات اگائے جائیں گے ۔

 وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشیدنے کہا کہ سوشل فاریسٹری پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی ، بجلی کے بحران پر قابو پانے کےلئے زیر تعمیر منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے گا ۔ انہوں  نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں مائیکر پاور پروجیکٹس متعارف کرائے جائیں گے ۔ روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور سیاحت کو فروغ دینے کےلئے مہمان نواز ی کے ادارے  کا قیام عمل میں لایا جائے گا ۔ نئے سیاحتی مقامات کو فروغ دیا جائے گا ۔ پرائیویٹ سیکٹر کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔ ہر تحصیل میں زچہ بچہ سنٹر کا قیام عمل میں لایاجائے گا ۔ صحت کے سہولیات کی بہتری کےلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے ۔ نرسنگ کالج کے قیام کو عمل میں لانے کےلئے اقدامات کئے جائیں گے ۔

 وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشیدنے سیکریٹری صحت اور دیگر متعلقہ آفیسران کو ہدایت کی ہے کہ کورونا وائرس سے بچاءو کےلئے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں  نے کہا کہ تمام ہسپتالوں کو فعال کیا جائے گا، ڈاکٹروں کے مسائل حل کئے جائیں گے اور ڈاکٹروں کی دستیابی کو یقینی بنایاجائے گا ، تعلیم کے شعبے میں جدید اصلاحات متعارف کرائے جائیں گے ۔ اساتذہ کی تعیناتیاں صرف میرٹ کی بنیادوں پر کی جائیں گی ۔ ٹیکنیکل تعلیم پر بھی توجہ دی جائے گی تاکہ روزگار کے مواقع پیدا کئے جاسکیں ۔