حضرت شاہ رکن عالم سہروردی کا707وں عرس شروع،شاہ محمود قریشی نے مزارکوغسل کے بعد دعاکرائی

124

ملتان ،21دسمبر(اے پی پی): حضرت شاہ رکن سہروردی ؒکے 707ویں سالانہ عرس کے موقع پرسوموارکوسجادہ نشین وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے مزارکوغسل دینے کے بعد چادرپوشی اوردعاکرائی ۔تقریب میں وزیرمملکت عامرڈوگرکے علاوہ وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی وایم پی اے جاویداخترانصاری ،چیئرمین ایم ڈی اے راناعبد الجبار ،ڈپٹی کمشنر ملتان عامرخٹک ودیگرشریک تھے ۔

اس موقع پردعاکراتے ہوئے شاہ محمودقریشی نے کہاکہ کورونا کی وبائی صورت حال کی وجہ سے عرس کی تقریبات کو محدود کیاگیاہے ،اللہ تعالیٰ سے دعاہے کہ وہ وباءسے نجات دلائے تاکہ آئندہ عرس کے موقع پرعوام کاجم غفیر دیکھنے کوملے ۔انہوں نے پاکستان کی ترقی واستحکام کی دعاکراتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو لسانی ،صوبائیت اورفرقہ واریت کے بیج بونے والوں سے محفوظ رکھے اوربیرونی قوتوں کے اشاروں اورفنڈنگ سے ایسا کرنے والوں کے عزائم کوخاک میں ملادے ۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ اگرنیت ٹھیک ہواورعزائم پختہ ہوتواللہ تعالیٰ بہتری عطاکرتاہے ،آستانے رشدوہدایت کاذریعہ ہیں دعاہے کہ قیامت تک عقیدت اوررشدوہدایت کایہ سلسلہ لوگوں کو قلبی سکون مہیاکرتارہے ۔ اے پی پی /ملتان/نورین