سکھر: یوم سندھی ثقافت کی تیاریاں عروج پر، ٹوپی اور اجرکوں کے اسٹال سج گئے

284

سکھر،05دسمبر(اے پی پی): سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے اور لوگوں میں سندھی  کلچر کو فروغ دینے کے حوالے سے سندھ کے دیگر شہروں کی طرح سکھر میں بھی سندھی ٹوپی اجرک ڈے کو منانے کیلئے جوش و جذبہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

سکھر شہر کی مختلف شاہراؤں پر سندھی ٹوپی اجرک کی فروخت کیلئے اسٹال قائم کر دیئے گئے ہیں جبکہ کورونا وائرس سے بچاﺅ کے سلسلے میں خوبصورت طور پرسندھ اجرک پرنٹ پر بنائے گئے ماسک کی خریداری میں بھی بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے۔

 یوم سندھی ثقافت کے حوالے سے لگائے جانے والے اسٹالوں پر نوجوان طبقے سمیت بزرگ اور خواتین بھی خریداری میں مصروف دیکھائی دے رہی ہے ۔

 سندھی ٹوپی ، اجرک ، ملبوسات کی خریداری کرنے والے افراد کا کہنا تھا کہ سندھ میں رہنے والے سندھ کے ثقافتی دن کو منا کر خوشی محسوس کرتے ہیں اور سندھ کی ثقافت کو اجاگر کرنے کے لئے نئی نسل میں آگاہی دینے کی زیادہ سے زیادہ ضرورت ہے تاکہ سندھ کی ثقافت کو قائم و دائم رکھا جا سکے۔