دنیاپور، 05 دسمبر (اے پی پی ): صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے مواصلات میاں محمد شفیق کے ہمراہ دنیاپور کا دورہ کیا اور چک نمبر 17 ۔ایم کے گورنمنٹ پرائمری سکول میں سولر سسٹم اور نواحی چک میں واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کیا ۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ 537 سکولوں میں سولر سسٹم لگنا تھا جن میں سے 490 میں انسٹال ہوچکا ہے،پنجاب حکومت کا واحد منشور عوام کی خدمت ہے جن سکولوں میں پاکستان کے قیام سے بجلی نہیں تھی ان 1800 سکولوں میں سولر سسٹم لگایا جائے گا۔
صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ موجودہ اپوزیشن عمران خاں کی حکومت سے قبل ملک دیوالیہ ہونے کی سطح پر چھوڑ کر گئے تھے،ملک پر قرضے چڑھا گئے تھے، موجودہ حکومت کی پالیسیوں سے 17 سال بعد ریزرو سرپلس میں گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سے زیادہ ایماندار قیادت نہیں ہے، وہ کھاتا ہے نہ کھانے دیتا ہے ،اپوزیشن کو صرف اس کا درد ہے کہ جو پیسہ عوام کا لوٹا ہے وہ ان سے واپس لیا جارہا ہے۔
صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ قائد اعظم سولر پارک کا منافع پچھلے سال ایک ارب 70 کروڑ تھا اس سال دو ارب 44 کروڑ ہوگیا ہے ،جو جلسے جلوس کررہے ہیں ان کا مقصد اپنی کرپشن بچانا ہے کسی نے عوام کی بات نہیں کی۔











