لاہور، 5دسمبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے ہفتہ کو یہاں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی،سیاسی معاملات اورٹائیگرز فورس کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ملاقات میں وزیراعظم عمران خان کے دورہ سیالکوٹ کے انتظامات کے بارے بھی بات چیت بھی کی گئی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ سیاست عوام کی بے لوث خدمت کو کہتے ہیں ناکہ انتشاراورافراتفری پھیلانے کو،عوام کے مسترد شدہ عناصر ترقی کا سفرروکنا چاہتے ہیں، یہ ٹولہ صرف اپنی کرپشن بچانے کیلئے اکٹھا ہے۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی کے مسائل سے ان لوگوں کا کوئی واسطہ نہیں، حکومت عوام کو کوروناسے بچانے کیلئے اقدامات کررہی ہے، بدقسمتی سے پی ڈی ایم جلسوں کے ذریعے کورونا پھیلارہی ہے،ان عناصرکی قسمت میں صرف رونا ہی لکھا ہے، یہ لوگ 13دسمبر کے بعد بھی روتے رہیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت جانے والی نہیں، مدت پوری کریں گے، وزیراعظم عمران خان پاکستان کو لوٹنے والوں کو کبھی این آر او نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ٹائیگرز فورس کے نو جوان عوام کی فلاح وبہبود کیلئے سرگرم ہیں،ٹائیگر زفورس نے کورونا وباء میں دکھی انسانیت کی بھرپورمدد کی ہے۔
عثمان ڈار نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کوکامیاب نوجوان پروگرام اورٹائیگر زفورس کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب نوجوان تحریک انصاف کی حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے،نوجوانوں کو اس پروگرام کے ذریعے بااختیار بنایا جارہاہے۔انہوں نے کہا کہ ٹائیگرز فورس کے نوجوان ہماری طاقت ہیں،ٹائیگرزفورس نے عملی میدان میں عوام کی خدمت کر کے نئی مثال قائم کی ہے۔
عثمان ڈار نے کہا کہ پی ڈی ایم ملک دشمن قوتوں کا ایجنڈا لے کر چل رہی ہے،اپوزیشن ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کو اپاہج کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے،عقل سے ناپید اپوزیشن کے جعلی لیڈروں کو صورتحال کا ادراک نہیں۔











