ملکہ کوہسار مری میں برف باری، حسین نظاروں سے لطف اندوز ہونے  کیلئے سیاحوں کی آمد جاری

204

 مری ،14 دسمبر(اے پی پی ): حسین نظاروں سے لطف اندوز ہونے کے  لئے ملک بھر سے سیاح جوق در جوق مری پہنچ رہے ہیں، مری کے تمام تفریح مقامات سیاحوں سے کچھا کھچ بھر گئے ہیں جبکہ سیاحوں کے بے پناہ رش کے باعث ٹریفک کا نظام بھی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔

شدید ٹریفک کے باعث جھیکا گلی سے سیاح اور مقامی لوگ پیدل چل کر مال روڈ پہنچے، سیاحوں کاسب سے زیادہ رش مال روڈ ،جی پی او چوک اور کشمیر پوائنٹ میں رہا جبکہ سیاح فیمیلیز برف باری سے خوب لطف اندوز ہوتی رہیں، بھوربن میں بھی سیاحوں کا رش رہا ،بھوربن جھیکاگلی اور کلذنہ کے جنگلات اور سڑک کے کناروں پر سیاح برف سے کھیلتے رہے اور برف کی حسین یادیں کیمروں میں محفوظ کرتے رہے۔

 اتوار کے روز بھی مری کے بعض مقامات پر بارش اور برف باری کی رم جھم جاری رہی سیاحوں کی آمد کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔