میرپور خاص؛قائداعظم باکسنگ ٹورنامنٹ کا انعقاد،ماجدعلی بیسٹ باکسر قرار پائے

403

میرپورخاص،26دسمبر(اے پی پی ):باکسنگ ایسو سی ایشن  کے زیراہتمام محکمہ کھیل سندھ کے تعاون سے سندھ اسپورٹس بورڈ قائداعظم باکسنگ ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا گیا۔

مقابلوں میں بوائز کلاس، جونیئر کلاس اورسینئر کلاس میں حیدرآباد کے15اور میرپورخاص کے15باکسروں کے مابین مختلف ویٹ میں مقابلے ہوئے جس میں سے 10 میرپورخاص اور5مقابلے حیدرآباد کے باکسروں نے جیت لئے۔ میرپورخاص کے ماجدعلی بیسٹ باکسر قرار پائے۔

 اسسٹنٹ کمشنر حسین بخش مری محمدخان کھٹی نے اس موقع پر  کہا ہے کہ میرپورخاص اورحیدرآباد کے باکسروں میں بے پناہ ٹیلنٹ دیکھ کر خوشی ہوئی ان کی حوصلہ افزائی کی جائے تو یہ ملکی وغیر ملکی سطح پر مقابلوں میں حصہ لے سکتے ہیں، ہماری کوشش ہو گی کہ باکسنگ سمیت دیگر کھیلوں کو فروغ دیا جائے تاکہ کھیلوں کے میدان آباد ہوسکیں۔

 سندھ باکسنگ ایسوسی ایشن کے صدر اصغر بلوچ نے کہا کہ انتظامیہ کو باکسروں کی حوصلہ افزائی کرنا چاہئے یہ باکسر اپنے ملک کا نام روشن کریں گے۔ انہوں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ سیکریٹری اسپورٹس سندھ کو میرپورخاص کیلئے بین الاقوامی سطح کا مووایبل باکسنگ رنگ کیلئے خط لکھا جائے یا باکسروں کیلئے ایک فکس رنگ بنانے میں مطلوبہ تعاون کیا جائے۔انہوں نے آرگنائزر سلیم بلوچ کی کلب اورباکسروں کیلئے کی گئی خدمات کوسراہا۔

 میرپورخاص اسپورٹس کمیٹی کے عبدالسلیم خان، ڈویژنل فٹنس ایسوسی ایشن کے چیئرمین غوث محمد پٹھان اورموئی تھائی ایسوسی ایشن کے عباس پہلوانی نے کہا کہ اداروں سے اسپورٹس ٹیمیں ختم کرنا کھلاڑیوں کے ساتھ ناانصافی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اداروں میں ٹیمیں بحال کی جائیں تاکہ کھیلوں کو فروغ ملے۔

 اس موقع پر ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر عرس ہالیپوتہ، فٹنس ایسوسی ایشن کے عبدالحق بروہی، باکسروں اورباکسنگ کے شائقین نے بڑی تعداد نے شرکت کرکے باکسروں کی حوصلہ افزائی کی۔