وزیرِ اعظم عمران خان سے وزیرِ مذہبی امور پیر نور الحق قادری  کی ملاقات ،  وزارتِ مذہبی امور کو علما اور این سی او سی کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنےکی ہدایت

177

اسلام آباد،4دسمبر  (اے پی پی):وزیرِ اعظم عمران خان سے وزیرِ مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی جس میں وزیرِ اعظم نے وزارتِ مذہبی امور کو کورونا وائرس کی وبا کے حوالے سے علما اور این سی او سی کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہنےکی ہدایت کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے  ہدایت کی کہ وزارتِ مذہبی امور علما و مشائخ کو کورونا وائرس کی وبا کے پھیلاؤ کے اعداد و شمارکی فراہمی یقینی بنائے تاکہ دینی مواعظ اور خطبات میں کورونا  ایس او پیز پر عملدرآمد کی تاکید منبر کے ذریعے ممکن ہو۔اس موقع پر یہ بات بھی واضح کی گئی کہ مساجد کو کسی صورت بند نہیں کیا جا سکتا تاہم کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کی تاکید ضروری ہے۔پیر نور الحق قادری نے وزیرِ اعظم سے علماء و مشائخ کونسل کی تنظیمِ نو پر بھی مشاورت کی۔