اسلام آباد،3دسمبر (اے پی پی):وزیرِ اعظم عمران خان کی صدارت میں پاکستان آئیلینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حوالے سے جمعرات کو اجلاس منعقد ہوا ، اجلاس سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے کہاکہ ہاؤسنگ سیکٹر میں بڑھتی ہوئے ڈیمانڈ کے پیش نظر یہ دونوں منصوبے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ ان منصوبوں کے مثبت پہلوؤں کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ آگاہی مہم کے ذریعے عوام کے علم میں لایا جائے کہ ان پراجیکٹس کے ذریعے ہمارے کئی معاشی اور ماحولیاتی مسائل کا حل ممکن ہو گا۔ لوگوں کو نوکریوں اور روزگار کے مواقع میسر آ ئیں گے اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی واقع ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی بھی ان منصوبوں میں بھرپور شرکت کو یقینی بنانا ہو گا۔
وزیر اعظم نے مزید ہدایت دی کہ ان دونوں منصوبوں کے مختلف مراحل کو بروقت مکمل کرنے کے لئے مدتوں کا تعین کیا جائے اور ان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس کو دونوں منصوبوں پر اب تک ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ایف ڈبلیو او اور این ایل سی نے راوی اربن ڈیویلپمنٹ اتھارٹی میں کام کا آغاز کر دیا ہے اور منصوبے کے مختلف مراحل کو مکمل کرنے کے لیے مدتوں کا واضح تعین کردیا گیا ہے۔ اجلاس کو چائنیز کمپنیوں کے ساتھ ہونے والے اشتراکی عمل کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز، وفاقی وزیر برائے بحری اُمور سید علی حیدر زیدی، معاونینِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گل اور سید ذوالفقار عباس بخاری، گورنر سندھ عمران اسماعیل، چیئرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی، چیئرمین راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور چیئرمین پاکستان آئیلینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے علاوہ اعلی حکومتی حکام نے شرکت کی۔











