وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے پاکستان میں کویت کے سفیر نصر المطہری کی ملاقات

85

اسلام آباد، 03 دسمبر(اے پی پی ): وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے پاکستان میں کویت کے سفیر نصر المطہری نے  جمعرات  کو یہاں ملاقات  کی ہے ،دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات ،پاکستان اور کویت کے مابین مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے تبادلہ ء خیال کیا گیا۔

ملاقات میں گفتگو کرتے  ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ  پاکستان اور کویت کے مابین گہرے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں ، پاکستان کویت کے ساتھ اپنے شاندار سیاسی روابط کو ایک مضبوط معاشی شراکت داری میں تبدیل کرنے کا متمنی ہے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے مابین زراعت، فوڈ سیکورٹی، انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سمیت باہمی دلچسپی کے متعدد شعبوں میں دو طرفہ اقتصادی تعاون میں اضافے کے مواقع موجود ہیں، دونوں ممالک ان مواقعوں سے یکساں مستفید ہو سکتے ہیں۔

نائجر میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے سنتالیسویں اجلاس کے موقع پر کویتی وزیر خارجہ کے ساتھ ہونیوالی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کویت کی جانب سے پاکستان کے موقف کی غیر متزلزل حمایت قابلِ تحسین ہے ۔

پاکستان ميں کویت کے سفیر نصر المطہری نے  شرف ملاقات پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔