پاکستان بیت المال خصوصی افراد کی بحالی  کیلئے  زیادہ سے زیادہ کام کررہا ہے؛ عون عباس بپی

114

ملتان، 12 دسمبر(اے پی پی):ایم ڈی پاکستان بیت المال عون عباس بپی نے کہاہے کہ پاکستان بیت المال کی بھرپورکوشش ہے کہ خصوصی افراد کی بحالی کے لئے زیادہ سے زیادہ کام کرے ،بیت المال میں آکرمعذوری کوقریب سے دیکھا اس لئے ان کی فلاح وبہبود کے لئے ہرممکنہ اقدامات کئے جائیں گے ۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے سوسائٹی فاراسپیشل پرسنزاورپاکستان بیت المال کے زیراہتمام خصوصی بچوں وافرادمیں وہیل چیئرزتقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ نیشنل اسٹیرنگ کمیٹی بنادی گئی ہے جسے میں خود چیئرکروں گا۔انہوں نے کہاکہ نشترہسپتال میں مصنوعی ٹانگیں بنانے والی لیب خالی پڑی ہے میں نشترکوفنڈزدینے کوتیارہوں،مصنوعی ٹانگیں بنانے پرکام شروع کرے ۔انہوں نے کہاکہ ہم نے سیاست اورنوکریاں بہت کرلیں اب عوام کی خدمت کرنے کاوقت ہے، اللہ تعالیٰ وزیراعظم عمران خان کو اتنی طاقت دے کے وہ فلاحی ریاست کاخواب پوراکریں ۔

 عون عباس بپی نے کہاکہ معذور افرادکی فلاح وبہبودکے لئے بھرپورکوششیں اوراقدامات کئے جارہے ہیں اوراسی سلسلہ میں چین ہمیں سماعت کے آلات مفت دے گا۔انہوں نے کہاکہ میں صدرپاکستان عارف علوی کامشکورہوں جو اسپیشل پرسنز کی مدد کے لئے اہم کرداراداکررہے ہیں ۔انہوں نے  کہا کہ میں نے ڈیرہ بگٹی کابھی دورہ کیاوہاں پراہم نے 105لوگوں کی مصنوعی ٹانگیں لگوائی ہیں ،پاکستان بیت المال بلوچستان میں زیادہ کام کررہاہے اورانشاءاللہ جنوبی پنجاب کے خصوصی افراد کے ساتھ بھی بھرپورتعاون کیاجائے گا۔

تقریب میں پاکستان بیت المال کے ریذیڈنٹ ڈائریکٹرارشدملک ،ممبت بیت المال شیخ فرخ زبیر ،سماجی رہنما زہرہ سجاد زیدی ،زاہدہ حمیدقریشی سمیت دیگرنے شرکت کی ۔

تقریب میں خصوصی افراد وبچوں میں وہیل چیئرزسمیت سماعت کے آلات بھی تقسیم کئے گئے۔