معاون خصوصی برائے امورِ نوجواناں عثمان ڈار کیجانب  سے  سیالکوٹ قلعہ پر کھلی کچہری کا انعقاد

120

سیالکوٹ،  12 دسمبر ( اے پی پی  ) : معاون خصوصی برائے امورِ نوجواناں عثمان ڈار، صوبائی وزیر اسپیشل ایجوکیشن چودھری محمد اخلاق، ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید اور ڈی پی او اسد حسن علوی کی زیر صدارت سیالکوٹ قلعہ پر کھلی کچہری کا انعقاد کیا    گیا ، شہریوں نے مختلف محکموں کے متعلق اپنی شکایات پیش کیں.جن کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے گئے ۔

 عثمان ڈار نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے ہفتہ وار پبلک ٹائم کے انعقاد کا مقصد سرکاری اداروں کا اعتماد عوام میں بحال کرنا ہے تاکہ ان کو اپنے جائز کاموں میں سرکاری ڈیروں کے چکر نہ کاٹنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں  کہ سرکاری اداروں میں عوام الناس سے عزت و احترام سے پیش آیا جائے اور ان کے مسائل کے حل کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں۔

 صوبائی وزیر  چودھری محمد اخلاق نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا منشور  ہے کہ عوام الناس کا معیار زندگی بلند کیا جائے اور ان کو وہ ضروریات زندگی کی بنیادی  سہولیات فراہم کی جائیں جس کا وہ حق رکھتے ہیں۔

 کھلی کچہری میں رہنما پی ٹی آئی عامر ڈار، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو میر محمد نواز، ایس پی انوسٹی گیشن محمد عمران، اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ سلمان اکبر، چیئرمین پی ایچ اے ذوالفقار بھٹی اور صاحبزادہ حامد رضا بھی موجود تھے۔

 کھلی کچہری میں درجنوں سائلین نے مختلف محکموں کے متعلق اپنی شکایات پیش کیں جن کے حل کیلئے موقع پر موجود متعلقہ محکموں کے مقامی حکام نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی۔