احیاء پشاور پلان کے تحت ثقافتی سرگرمیاں، تاریخی مقامات کی بحالی اور  سیاحت کو  فروغ دیا جائے گا؛صوبائی وزیرتیمور سلیم

75

پشاور، 7جنوری(اے پی پی): صوبائی وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑانے کہا ہے کہ احیاء پشاور پلان کے تحت ثقافتی سرگرمیاں، تاریخی مقامات کی بحالی اور پشاور میں  سیاحت کو  فروغ دیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے وزیر بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی اکبر ایوب خان کے ہمراہ احیاء پشاور پلان کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا،اجلاس میں احیاء پشاور پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔

 اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ احیاء پشاور پلان کے تحت ثقافتی سرگرمیاں، تاریخی مقامات کی بحالی اور صوبائی دارالحکومت میں سیاحت کو بھی فروغ دیا جائے گا۔

وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑانے کہا کہ احیاء پشاور پلان صوبائی دارالحکومت کی تاریخی اور تمدنی حیثیت کو دوبارہ بحال کرنے اور اِسے دوام بخشنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ پشاور کے تاریخی مقامات اور گھروں میں ثقافتی تقریبات منعقد کی جائیں اور عوام کے لیے کھولی جائیں۔ صوبائی دارالحکومت میں اس طرح کے تمام منصوبوں اور پروگراموں کے لیے جامع حکمت عملی اپنائی جائے جس کے لیے محکمہ بلدیات اپنا کلیدی کردار ادا کرے۔

صوبائی وزیر تیمور جھگڑا نے کہا کہ پشاور میں موجود تاریخی مقامات کو عوام کے لیے کھولا جائے اور تاریخی گھروں میں ثقافتی سرگرمیاں اور تقریبات منعقد کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پلان پر عملدرآمد کے لیے ابتدائی طور پر صرف دو سے تین امور پر توجہ مرکوز کیا جائے۔

صوبائی وزیر بلدیات اکبر ایوب خان نے اس موقع پر کہا کہ آئندہ موسم بہار میں جشن خیبر منایا جائے گا، جس کے لیے ابھی سے انتظامات شروع کیے جا رہے ہیں۔

صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی اس تاریخی جشن بہاراں کو پشاور کے مختلف مقامات پر منعقد کیا جائے اور اس کے لیے صوبے بھر سے شرکاء کو مدعو کیا جائے گا۔

اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پشاور میں مختلف محکموں کی جانب سے جاری مختلف منصوبوں کے لیے فوکل پوائنٹ سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کو ہونا چاہیے تاکہ امور بروقت اور احسن طریقے سے سر انجام دیے جا سکیں۔

 اجلاس میں سیکریٹری لوکل گورنمنٹ میاں شکیل احمد اور محکمہ ٹورازم کے حکام سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔