اطالوی ادارے کی جانب سے محکمہ صحت خیبر پختونخواکو5 کروڑ مالیت کے انتہائی نگہداشت یونٹس کے آلات حوالے

111

پشاور،15جنوری  (اے پی پی):خیبرپختونخوا کے محکمہ صحت کو اطالوی ادارے کی جانب سے 5 کروڑ سے زائد مالیت کے انتہائی نگہداشت یونٹس میں استعمال ہونے والے آلات حوالے کیے گئے ہیں جو کہ کورونا مریضوں کے علاج میں معاون ثابت ہوں گے۔

 اس حوالے سے صوبائی وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا کے دفتر میں تقریب منعقد کی گئی جس میں سیکریٹری خزانہ عاطف رحمان، اسپیشل سیکریٹری صحت ڈاکٹر سید فاروق جمیل، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر نیاز محمد، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر شاہین آفریدی اور اطالوی این جی او چیسوی کے کنٹری ڈائریکٹر فرحان احمد خان اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

محکمہ صحت کو غیر ملکی ادارے کی جانب سے آئی سی یوز میں استعمال کے لیے 60 بائی پائپس، 130 کارڈیک مانیٹرز،  70 آکسیجن کنسنٹریٹرز اور 2 اے بی جی مشینیں دی گئیں۔ یہ حساس آلات کورونا مریضوں کے علاج کرنے والی 3 بڑے ہسپتالوں کو دئیے جائیں گے جن میں لیڈی ریڈنگ ہسپتال، خیبر تدریسی ہسپتال اور پولیس اینڈ سروسز ہسپتال شامل ہیں۔

 اس موقع صوبائی وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا تھا کہ ان آلات کے مذکورہ ہسپتالوں میں فعال ہونے سے  کورونا کے انتہائی نگہداشت مریضوں کے علاج میں سہولت میسر آئے گی اور کریٹیکل کیئر کی استعداد میں اضافہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت اور ہیلتھ ورکرز کورونا کی دوسری لہر کا احسن طریقے سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ ملکی و غیر ملکی اداروں کی جانب سے کورونا مریضوں کے لیے اس طرح کا تعاون قابل ستائش ہے۔

 صوبائی وزیر نے چیسوی کے کنٹری ڈائریکٹر اور دیگر حکام کا محکمہ صحت کے ساتھ اس گراں قدر تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ مذکورہ اطالوی  ادارے کی جانب سے کورونا کی پہلی لہر کے دوران بھی صوبے کے 6 اضلاع میں میڈیکل آلات مہیا کیے گئے تھے۔