ملتان؛ موٹر وے پولیس کیجانب سے نماز کے اجتماعات کے دوران روڈ سیفٹی بارے آگاہی کا سلسلہ بھی شروع

92

ملتان، 15جنوری(اے پی پی):موٹر وے پولیس کی طرف سے مساجد میں نماز کے اجتماعات کے دوران روڈ سیفٹی بارے آگاہی کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے ،آج نماز جمعہ کے خطبہ سے قبل ڈی ایس پی موٹروے پولیس مسرور علی نے روڈ سیفٹی بارے آگاہی لیکچر دیا۔

 ڈی ایس پی مسرور علی نے کہا کہ اسلام ہمیں قوانین کی پاسداری کا درس دیتا ہے،ایک اچھا مسلمان شہری ہونے کے ناطے ہمیں شعائراسلام کے ساتھ روڈ سیفٹی کے اصولوں کو اپنا چاہیے،موٹروے پر دوران ڈرائیونگ معمولی غلطی کسی مسافر کی جان لے سکتی ہے۔انہوں نے  کہا کہ ہم روڈ سیفٹی کے اصولوں پر عمل کرکے زندگی اور سفر کو محفوظ بنا سکتے ہیں۔

ڈی ایس پی مسرور علی نے کہا کہ آئی جی کلیم امام اور ڈی آئی جی مسرورعالم کلاچی موٹروے پر سفر کو محفوظ بنانے کے لئے کوشاں ہیں، سیکٹر کمانڈر رانا سرفراز ناصر کی قیادت میں ٹیم ملتان سے رحیم یار خان موٹروے پر روڈ سیفٹی کے لئے پرعزم ہے۔

 ڈی ایس پی مسرور علی نے کہا کہ مساجد میں جمعہ نماز کے دوران روڈ سیفٹی بارے آگاہی سیکٹر کمانڈر کی ہدایت پر دی جارہی ہے۔