اپوزیشن کے احتجاج میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائےگی، امن وامان خراب کریں گے توقانون حرکت میں آئےگا؛ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

56

لاہور،15جنوری  (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے احتجاج میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائےگی تاہم اجازت دینے کامطلب کھلی چھوٹ نہیں، امن وامان خراب کریں گے توقانون حرکت میں آئےگا۔

 وہ جمعہ کے روز یہاں نادرا کے مرکزی سنٹر کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔شیخ رشید نے کہا کہ پی ڈی ایم والے استعفے نہیں دیں گے، سینیٹ اورضمنی انتخابات میں حصہ لیں گے، پی ڈی ایم کی قیادت سے ہمیں ڈر نہیں جبکہ مولانا فضل الرحمن پانچ اوورزکا میچ کھیلنا چاہتے ہیں اور پیپلزپارٹی ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے تاہم آصف علی زرداری گرائونڈ کے دونوں اطراف میں کھیل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم والے جیساکریں گے ویسا بھریں گے، کوئی سیاستدان انتشار اور خلفشار نہیں چاہتا، سب ملک کیلئے آئین اور قانون کا احترام کریں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے آئندہ سینیٹ الیکشن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں سندھ میں تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی کا مقابلہ ہو گا جبکہ کے پی کے میں تحریک انصاف اور جمعیت علما اسلام کا مقابلہ،بلوچستان میں بھی اور پنجاب میں مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کا مقابلہ ہو گا،تحریک انصاف اس وقت قومی سطح کی جماعت بن چکی ہے۔انہوں  نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ کوئی ایجنسی یا فرد کسی کو فون نہیں کرتا،ان کے اپنے بندے استعفے دینے کو تیار نہیں ہیں،مرتضی جاوید عباسی پھر استعفے سے مکر کیوں گئے۔

 ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسامہ ستی کے والدین حکومت کی کارروائی سے پوری طرح مطمئن ہیں،اسامہ ستی کے تمام قاتلوں کو نوکری سے نکال دیا گیا ہے،اس حوالے سے کابینہ نے بھی فیصلہ دے دیا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ایف آئی اے  کوسو دنوں میں نمبر ون ادارہ بنادیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی سہولت کےلئے نادرا کے سنٹروں میں اضافہ کیا جائے گا۔