ملتان؛ بچوں میں پلمونری فنکشن ٹیسٹ کرنے کی سہولت مہیا کر دی گئی

64

ملتان، 15 جنوری(اے پی پی ):ڈیپارٹمنٹ آف پیڈیا ٹرک میڈیسن نشتر میڈیکل یونیورسٹی کی کاوشوں سے بچوں میں پلمونری فنکشن ٹیسٹ کرنے کی سہولت مہیا کر دی گئی ہے جس کا باقاعدہ افتتاح وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر احمد اعجاز مسعود نے اپنے کیا۔

 اس سلسلے میں وارڈ نمبر 19 میں ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی میزبانی شعبہ پیڈیا ٹرک میڈیسن پروفیسر ڈاکٹر غلام مصطفیٰ نے کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی نے اپنے خطاب کے دوران طبی سہولتوں کی فراہمی اور اپ گریڈیشن کے حوالے سے شعبہ پیڈیا ٹرک میڈیسن کی کاوشوں کو  بھی سراہا اور اپنی طرف سے ہر طرح کے تعاون کی یقین دھانی کرائی۔

اس موقع پر  پروفیسر ڈاکٹر وقار ربانی ڈین چلڈرن ہسپتال اینڈ انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ ملتان، پروفیسر ڈاکٹر مبارک چوہدری ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ چلڈرن ہسپتال ملتان،  پروفیسر ڈاکٹر راشد قمر راؤ، پروفیسر ڈاکٹر مسعودالروف ہراج، پروفیسر ڈاکٹر اعظم خان اور ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر نصرت بزدار اور شعبہ پیڈیا ٹرک میڈیسن کی فیکلٹی شامل تھی۔

یاد رہے اس سے قبل ملتان اور جنوبی پنجاب کی عوام کو مذکورہ ٹیسٹ کے لیے دور دراز شہروں میں جانا پڑتا تھا۔ جس کا الحمدللہ آغاز اب نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے شعبہ پیڈیا ٹرک میڈیسن میں کر دیا گیا ہے۔ طب کے شعبے سے وابستہ افراد اور سماجی تنظیموں نے وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے وژن اور شعبہ پیڈیا ٹرک میڈیسن بلخصوص پروفیسر ڈاکٹر غلام مصطفیٰ کے حالیہ اقدامات کو سراہتے ہوئے اظہار تشکر کیا۔