حکومت گلگت بلتستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے،ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی سید امجد علی زیدی  سے ملاقات میں گفتگو

68

اسلام آباد،21جنوری  (اے پی پی):سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی سید امجد علی زیدی نے جمعرات کو ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی معاشی اور سیاسی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈپٹی اسپیکر نے امجد علی زیدی کو سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد بھی دی اور کہا کہ کسی بھی قانون ساز ادارے میں  پریذائیڈنگ آفیسر کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ پریذائیڈنگ آفیسر کی نظر میں ایوان میں موجود تمام اراکین مساوی ہوتے ہیں۔  موجودہ حکومت گلگت بلتستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے پر عزم ہے۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ حکومت پاکستان عمران خان کی قیادت میں گلگت بلتستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے،گلگت بلتستان بے پناہ قدرتی وسائل سے مالامال ہے جنہیں بروئے کار لا کر گلگت بلتستان کی ترقی میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔سیاحت کا شعبہ گلگت بلتستان کے عوام کی خوشحالی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ ماضی میں گلگت بلتستان کے ساتھ کی جانے والی ناانصافیوں کا ازالہ کر کہ عوام کے احساس محرومی کا خاتمہ کیا جائے گا۔گلگت بلتستان کے نو منتخب اراکین اسمبلی اور اسٹاف کو اپنی استعداد کار کو بڑھانے کے لئے پارلیمنٹری سروسز پپس سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔گلگت بلتستان کے اسپیکر امجد علی زیدی نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کا شکریہ ادا کیا اور گلگت بلتستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ان کے جذبات کو سراہا اور کہا کہ گلگت بلتستان میں حالیہ الیکشن 2020 کے بعد قائم ہونی والی پی ٹی آئی کی حکومت جی بی کے عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کی کوشش کرے گی۔وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق گلگت بلتستان میں ترقی اور خوشحالی کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔گلگت بلتستان کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ قدرتی حسن سے مالا مال کیا ہے۔ امجد علی زیدی نے کہا کہ سیاحت کے شعبے میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی فراہمی سے گلگت بلتستان کی عوام کے معیار زندگی کو بلند کرنے میں انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل سے گلگت بلتستان میں معاشی ترقی کے اہداف حاصل کئے جا سکتے ہیں۔