ریاست مدینہ انصاف اور انسانیت پر مبنی حقیقی فلاحی ریاست تھی، نادرا کی جانب سے وراثتی سرٹیفکیٹ کا 15 دن میں اجرا خوش آئند ہے،وزیراعظم عمران خان کا لیٹر آف ایڈمنسٹریشن اور وراثتی سرٹیفکیٹ کے اجرا کی تقریب سے خطاب

101

اسلام آباد۔21جنوری  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ انصاف اور انسانیت پر مبنی حقیقی فلاحی ریاست تھی، نادرا کی جانب سے وراثتی سرٹیفکیٹ کا 15 دن میں اجرا خوش آئند ہے۔ جمعرات کو یہاں لیٹر آف ایڈمنسٹریشن اور وراثتی سرٹیفکیٹ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مدینہ کی ریاست عوام کیلئے بنی تھی، خلیفہ وقت نے اپنے اوپر پیسہ خرچ نہیں کیا، جو عوام پر پیسہ خرچ کرتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت  بھی عام لوگوں کیلئے آسانیاں پید اکرنے کی کوششیں کر رہی ہے اور اصلاحات لا رہی ہے تاکہ عام شہری مستفید ہوں انہوں نے کہا کہ نئے قانون کا اجرا کیا گیا ہے، اب وراثتی سرٹیفکیٹ 15 دن میں مل جائے گا اور اوورسیز پاکستانیز بھی اس سے فائدہ اٹھائیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے ملک میں قبضہ گروپ ہیں جو  قانون شکنی کرتے ہیں ، اوورسیز پاکستانیوں کی زمینوں پر قبضہ کر تے ہیں اورمتاثرہ افراد پیسے دے کر قبضہ چھڑاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب ہمارا عدالتی نظام بہتر کام کرے گا تو جرائم میں کمی آئے گی۔  وزیراعظم نے کہا کہ وکلا اور ججز بھی اصلاحات میں اپنی تجاویز دے رہے ہیں، وزیر قانون فروغ نسیم اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتا ہوں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ خواتین سے متعلق وراثتی قوانین میں بہتری لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ  ضابطہ دیوانی میں اصلاحات کا فائدہ عوام کو پہنچانے کیلئے متعلقہ فریقین کو بھی اعتماد میں لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضابطہ فوجداری کے قوانین میں بھی اصلاحات کی ضرورت ہے۔  وزیراعظم نے کہا کہ عدالتی نظام میں بہتری کیلئے کریمنل جسٹس سسٹم کی اصلاحات اہم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عدالتی نظام کو بہتر کر رہی ہے جس میں کریمنل جسٹس سسٹم کی اصلاحات سب سے اہم ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ نادرا نے وراثتی سرٹیفکیٹس کے آن لائن اجرا کا نظام بنا کر اہم اقدام اٹھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  امن و امان کے مسائل کی ایک بڑی وجہ یہ بھی ہے کہ موجودہ کریمنل جسٹس سسٹم انصاف کی فراہمی میں تاخیر کا سبب ہے جس  سے ملزمان کو حوصلہ ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ ملک میں خواتین کو شریعت کے مطابق وراثت میں حقوق نہیں مل رہے۔ موجودہ حکومت مختلف شعبوں کی بہتری کیلئے اصلاحات لا رہی ہے جس کا مقصد عام آدمی کی زندگی کو بہتر بنانا ہے، یہ نظام موجودہ حکومت کے عوام دوست قوانین میں اصلاحات کی اہمیت کا عکا س ہے، اس سلسلہ میں وزارت قانون نے نادرا کے تعاون سے سہولت یونٹ قائم کرنے کیلئے لائحہ عمل مرتب کیا ہے۔ قبل ازیں وزیر قانون فروغ نسیم نے تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے وراثتی سرٹیفکیٹ کے اجرا کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔