پی ٹی آئی حکومت نے صنعتی ترقی کے لیے خصوصی پیکج دیئے،ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ،معیشت کا پہیہ تیزی سے چلنا شروع ہو گیا  ہے،وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ،ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات اسدعمرکی میڈیا بریفنگ

76

اسلام آباد،21جنوری  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات اسدعمر نے کہا ہے کہ سابق حکومت بجلی کے نظام میں بہت بڑا چیلنج چھوڑ کر گئی لیکن پی ٹی آئی حکومت نے صنعتی ترقی کے لیے خصوصی پیکج دیئے،ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ،12 سال میں پہلی مرتبہ برآمدات میں ساڑھے 18 فیصد اضافہ ہوا ہے،حکومتی اقدامات سے معیشت کا پہیہ تیزی سے چلنا شروع ہو گیا  ہے،صنعتی ترقی کیلئے خصوصی پیکیج دیئے گئے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو میڈیا بریفننگ دیتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں نومبر میں دہائی کے بعد اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ بڑی صنعتوں کی پیداوار میں پانچ ماہ میں پچھلے سال کی نسبت 7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا،مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں 208 ارب روپے کا کام ہوا ہے ۔اسد عمر نے کہا کہ منصوبوں کی مانیٹرنگ کا کام بھی بہتر کیا ہے،جاری کھاتوں کے خساروں میں سرپلس نظر آرہا ہے،پرائمری بجٹ میں بھی سرپلس نظر آرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ صنعتوں کی بہتری کیلئے پاور میں ریلیف فراہم کیا گیا،توانائی کے نظام میں گردشی قرضوں میں سالانہ ساڑھے 4 سو ارب روپے اضافہ ہورہا تھا ۔پاور سیکٹر میں بہتری کیلیے اقدامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال میں  مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں وفاقی ترقیاتی منصوبوں پر 208 ارب روپے کا کام ہوا. یہ اس مالی سال کے 12 ماہ کے بجٹ کا 32 فیصد استعمال ہے۔ پچھلے 8 سال میں کسی مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں سالانہ بجٹ کا یہ سب سے زیادہ استعمال ہے۔انہوں نے کہا کہ ترقی کا سفر تیز تر اور معیشت میں استحکام آ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ صنعتی پیداوار میں نمایاں بہتری ہوئی ہے۔وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ طویل عرصے کے بعدکرنٹ اکاؤنٹ سرپلس ہے،ملکی برآمدات میں بھی تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔