روڈ حادثات پر قابو پانے  کیلئے  موٹر وے پولیس موثر حکمت عملی اپنا رہی ہے؛ ڈی آئی جی موٹر وے سندھ علی شیر جکھرانی

73

سکھر،15جنوری  (اے پی پی): ڈی آئی جی موٹر وے سندھ علی شیر جکھرانی روڈ حادثات پر قابو پانے اور مسافروں کی جان و مال کے تحفظ کے لئے موٹر وے پولیس موثر حکمت عملی اپنا رہی ہے، جس کے باعث روڈ حادثات میں مزید کمی  ہورہی ہے۔

 ان خیالات کا اظہار  ڈی آئی جی موٹر وے سندھ علی شیر جکھرانی نے ایک روزہ سیکٹر ون ساؤتھ زون سکھر کے دورے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکٹر کمانڈر ساؤتھ سکھر ایس پی موٹر وے زاہد نذیر وریاہ   ودیگر افسران و شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

ڈی آئی جی موٹر وے سندھ علی شیر جکھرانی کا کہنا تھا کہ ساؤتھ زون میں روڈ سیفٹی کے حوالے سے بہتر پولیسنگ اور متعدد آگاہی پروگرام منعقد کیے جارہے ہیں، جس  سے مسافروں کو نہ صرف ٹریفک کے قوانین کے حوالے سے آگاہی مل رہی ہے، بلکہ روڈ حادثات میں بھی مزید کمی ہورہی ہے،موٹر وے پولیس  چوبیس گھنٹے نیشنل ہائی وے  اور  موٹر وے پر خصوصاً سردیوں کے مو سم میں دھند کی وجہ سے  حد نگاہ صفر ہونے پر بھی مسافروں کو محفوظ سفر فراہم کررہی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ آج کی تقریب میں سیکٹر سکھر کے انتظامات اور روڈ سیفٹی کے حوالے سے  ہونے والی تقریبات کی وجہ سے سکھر سیکٹر ساؤتھ زون کی کارکردگی مزید بہتر ہورہی ہے۔

تقریب سے سیکٹر کمانڈر سکھر زاہد نذیر وریاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈی آئی جی  موٹر وے کے انتہائی مشکور ہیں جنہوں نے اپنی مصروفیات میں سے وقت نکال کر سکھر سیکٹر کا دورہ کیا اور ہماری کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ  موٹر وے  پولیس سکھر سیکٹر کی جانب سے  اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لاتے ہوئے مسافروں کی جان و مال کی تحفظ اور  ڈرائیوروں کو ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی دینے کے لئے وقتاً فوقتاً آگاہی مہم کا انعقاد کیا جارہا ہے۔

تقریب کے اختتام پر  ڈی آئی جی   موٹر وے اور ایس پی موٹر وے  نے تقریب میں شامل عام شہریوں میں  فری ہیلمیٹ تقسیم کرتے ہوئے انہیں ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی بھی دی، جبکہ  آئی  جی موٹر وے کے احکامات کے بعد  پورے پاکستان کی طرح سکھر سیکٹر میں بھی  جان بچانے اور  حادثے کی صورت میں کام آنے والے آلات جس میں ٹارچ، کونز، آگ بجھانے والے آلات، فرسٹ ایڈ بکس اور موٹر سائیکل سواروں کے لئے سستے ہیلمٹ  کے  لگائے گئے اسٹال کا دورہ کرتے ہوئے اسٹال پر موجود اسٹاف سے تفصیلات حاصل کیں۔