ضلعی انتظامیہ پشاور کی کارروائی ،  جعلی موبل آئل  معروف برانڈ کی پیکنگ میں پیک کرنے پر چار افراد گرفتار،2 گودام سیل

90

پشاور ،15جنوری  (اے پی پی):ضلعی انتظامیہ پشاور نے کارروائی کر تے ہوئے شعبہ بازار میں  جعلی موبل آئل کو مشہور و معروف برانڈ کی پیکنگ میں پیک کرنے پر چار افراد کو گرفتار کر تے ہوئے دو گوداموں کو سیل کر دیا جبکہ سرکلر روڈ اور نمک منڈی میں بیشتر دکانوں کا معائنہ کرتے ہوئے صفائی ناقص صورتحال پر سویٹس و بیکری مالک کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطا بق ڈپٹی کمشنر پشاور محمد علی اصغر کی ہدایت پراسسٹنٹ کمشنر (سٹی)ڈاکٹر احتشام الحق نے شعبہ بازار میں کارروائی کر تے ہوئے جعلی موبل آئل کو مشہور و معروف برانڈ کی پیکنگ میں پیک کرنے پر چار افراد کو گرفتار کر تے ہوئے دو گوداموں کو سیل کر دیا۔ان گرفتار افراد سے پوچھ گچھ جاری ہے اور معلومات پر پشاور میں جعلی موبل آئل کے خلاف مزید کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔

ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر آفتاب احمد نے سرکلر روڈ اور نمک منڈی میں مختلف سویٹس اینڈ بیکری شاپس کا معائنہ کر تے ہوئے صفائی ناقص صورتحال پرسویٹس اینڈ بیکری کے مالک کو گرفتار کر لیا۔ ضلعی  انتظامیہ کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔