سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین نے پوری زندگی پاکستان کی تعمیرنو اور امت کے اتحاد کے لئے جدو جہد کی؛اسپیکر اسد قیصر

63

اسلام آباد، 6 جنوری (اے پی پی ): سپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ اپنے مقصد کے ساتھ بے لوث محبت کرنے اورمسلسل جدوجہد کے ذریعے قاضی حسین احمد نے پاکستانی سیاست میں ایک قابل تقلید مثال قائم کی ہے۔انہوں نے کہا کہ  قاضی حسین نے پوری زندگی پاکستان کی تعمیرنو اور امت کے اتحاد کے لئے جدو جہد کی ۔

ان خیالات کا اظہاراسپیکر قومی اسمبلی  اسد قیصر نے سابق امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد کی آٹھویں برسی کے موقع پر یہاں منعقدہ ایک یادگاری تقریب میں کیا۔ تقریب سے قاضی حسین احمد کے صاحب زادے آصف لقمان قاضی، جماعت اسلامی کے نائب امیر میاں محمد اسلم، جماعت اسلامی کشمیر کے رہنما عبدالرشید ترابی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان قاضی حسین احمد کے لئے بے حد احترام کے جذبات رکھتے تھے اور انہیں اپنے بھائی جیسا سمجھتے تھے۔ سپیکراسد قیصر نے کہا کہ میں ایک عام طالب علم تھا لیکن آج میں جس مقام پر ہوں، اس میں قاضی حسین احمد کی محبت اور تربیت کا بنیادی کردار ہے۔

سپیکر اسد قیصر نے قاضی حسین احمد کے ساتھ وابستہ اپنی یادوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ عمر اور رتبہ میں مجھ سے بہت بڑے تھے لیکن اس کے باوجودانہوں نے مجھے جو محبت اور توجہ دی، وہ میری زندگی کا اثاثہ ہے۔

آصف لقمان قاضی نے کہا کہ قاضی صاحب نہ صرف پاکستان کی سیاست کی تعمیر نو چاہتے تھے بلکہ وہ درد مشترک اور قدرمشترک کی بنیاد پر امت مسلمہ کے اتحاد کے لئے کوشاں تھے۔

یادگاری تقریب  میں  شریک مقررین نے قاضی حسین احمد کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی جاندار شخصیت کی کمی آٹھ سال گزرنے کے بعد بھی محسوس ہوتی ہے۔