سکھر: کسٹم کا رروائیوں میں پکڑی گئیں 36 کروڑ روپے ما لیت کی اشیاء نذر آتش کردی گئیں 

98

سکھر۔19جنوری (اے پی پی ): محکمہ کسٹم سکھر کی جانب سے سکھر ریجن کے اضلاع سکھر،خیرپور،جیکب آباد ،گھوٹکی ،شکارپور ،لاڑکانہ، کشمور و دیگر میں مختلف کاروائیوں کے دوران پکڑی گئیں 36 کروڑ روپے مالیت کی ممنوعہ و مضر صحت اشیاءجن میں غیر ملکی سگریٹ ، چھالیہ، گٹکہ ، ٹیبلٹس ، خشاش ، تمباکو ، ڈوڈی و دیگر اشیاءشامل ہیں کو ایڈیشنل کلیکٹر کسٹم سکھر احسان علی شاہ کی نگرانی میں نذر آتش کردیا گیا۔

نذر آتش کی گئی اشیاءمیں 21کروڑ 96 لاکھ روپے مالیت کی ممنوعہ سپاری، 51 لاکھ مالیت کے سگریٹ ،11 کروڑ 88 لاکھ روپے مالیت کا گٹکہ ،53 لاکھ 25 ہزار روپے مالیت کا اجینو موٹو، 17 لاکھ 50 ہزار روپے مالیت کی نسوار، 14 لاکھ 5 ہزار کے پٹاخے، 18 لاکھ 66 ہزار روپے مالیت کا کوکنگ آئل،38 لاکھ 62 ہزار روپے مالیت کا ڈرائی ملک، 22 لاکھ 68 ہزار روپے مالیت کی سبز چائے اور دیگر اشیاءشامل ہیں۔

ممنوعہ اشیاءکو نذر آتش کرنے کی تقریب سکھر کسٹم آفس میں ہوئی جس میں تاجروں ، سیاسی سما جی کارکنوں اور مختلف محکموں اورسیکیورٹی فورسز کے افسران نے شرکت کی اس موقع پر تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل کلیکٹر کسٹم سکھر احسان علی شاہ نے بتایا کہ جلا ئی گئی اشیاءگذشتہ سال میں سکھر ، خیرپور ، کشمور ، جیکب آباد ، کندھکوٹ ، گھوٹکی و اندرون سندھ کے دیگر اضلاع سے پکڑی گئی تھیں اور یہ اشیاءعدالتی احکامات کی روشنی میں تمام متعلقہ اداروں کے افسران کی موجودگی میں تلف کی جا رہی ہیں۔