ملتان؛ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان کی صدارت میں کرائم کنٹرول اجلاس

73

ملتان،26 جنوری(اے پی پی):ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان کی صدارت میں کرائم کنٹرول اجلاس ہوا۔ڈی پی اوز بہاولپور،رحیم یار خان،مظفرگڑھ اور لیہ کی جانب سے امن وامان کی صورتحال پر تفصیلی بریفننگ دی گئی۔

 کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں امن و امان کیلئے جرائم کی شرح کم کرنا اولین ترجیح ہے، ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس نے کہا قبضہ مافیا اور سنگین مقدمات کے اشتہاریوں کیخلاف گھیرا تنگ کیا جائے اور  کچے کے علاقوں میں گینگز کے خاتمے کیلئے جامع آپریشنز کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی پولیس سربراہان عوام سے موثر رابطے استوار کرکے فورس کا مثبت امیج اجاگر کریں۔

 کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان نے کہا کہ تھانے اور ناکے شہریوں کیلئے خوف  کے بجائے تحفظ کی علامت بنانا مشن ہے، فرسودہ طریقہ تفتیش کو ترک کرکے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے حقائق کی تلاش کو ترجیح بنایا جائے۔

اجلاس میں بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان اضلاع کے ڈی پی اوز سمیت اسسٹنٹ انسپکٹر جنرل پولیس آپریشنز جنوبی پنجاب سید غضنفر علی شاہ نے شرکت کی۔