ملتان ،11جنوری (اے پی پی ):ضلع ملتان میں گھر گھر پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کے لئے پانچ روزہ مہم کا آغاز کردیا گیا ،پولیو مہم15جنوری تک جاری رہے گی۔ مہم کے دوران پانچ سال سے کم عمر کے 9 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے۔
پولیو مہم کے لئے مجموعی طور2408 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، تمام ہیلتھ سنٹرز، ویگن و بس اسٹینڈز اور ریلوے اسٹیشن پر بھی پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لئے ٹیمیں موجود رہیں گی۔ پولیو مہم کی مانیٹرنگ کے لئے476 ایریا انچارج مقرر کئے گئے ہیں ۔140یونین کونسل میڈیکل آفیسرز بھی پولیو مہم کی کامیابی کے لئے کردار ادا کریں گے۔
ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنرز اور محکمہ صحت کے افسران پولیو ٹیموں کو فیلڈ میں چیک کریں گے ،ہر تحصیل کی سطح پر روزانہ شام کو پولیو مہم کا جائزہ اجلاس بھی منعقد ہو گا۔











