چنیوٹ ؛ ڈپٹی کمشنرکا   انسداد پولیو مہم کا  جائزہ  لینے کیلئے   جنرل بس سٹینڈ  کا دورہ 

111

چنیوٹ،11 جنوری  (اے پی پی ):  ڈپٹی کمشنر محمد ریاض انسداد پولیو مہم میں بچوں کو قطرے پلانے کے عمل کے جائزہ  لینے کیلئے   جنرل بس سٹینڈ چنیوٹ پہنچ گئے۔ انہوں نے جنرل بس سٹینڈ سمیت دیگر ٹرانزٹ پوائنٹس اور خانہ بدوشوں کی جھگیوں کا بھی دورہ  کیا، ڈپٹی کمشنر نے مختلف شہروں کو روانہ ہونے والی بسوں کے اندر جاکر والدین کے ہمراہ سفر کرنے والے بچوں کو قطرے پلانے کی تصدیق کی اوران کی انگلیوں پر نشانات چیک کرتے ہوئے واضح کیا کہ کوئی بس ،ویگن پولیو ٹیموں کی کلیئرنس کے بغیر روانہ نہیں ہونی چاہیے۔

 انہوں نے جنرل بس سٹینڈ میں مختلف پوائنٹس پر پولیو ٹیموں کی موجودگی، بچوں کو قطرے پلانے کے ریکارڈ کا بھی جائزہ لیا اور والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں خواہ انہوں نے یہ قطرے پہلے جتنی بار بھی پی رکھے ہوں۔

انہوں نے کہا کہ پولیو ٹیموں سے تعاون کریں تاکہ کسی جگہ پولیو وائرس کا احتمال نہ رہے۔ انہوں نے خانہ بدوشوں کی بستیوں میں جا کر پولیو ٹیموں کی آمد اور انکے بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کی تصدیق کی ۔

واضح  رہے  کہ ضلع چنیوٹ میں انسداد پولیو کی پانچ روزہ مہم شروع ہوگئی ہے جس کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 2 لاکھ 39 ہزار 748 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لئے 768 پولیو ٹی میں متحرک ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے انتظامی افسران کو تاکید کی کہ مہم کے سو فیصد اہداف کو یقینی بنایا جائے اور مہم پر عملدرآمد کی کڑی مانیٹرنگ کے ساتھ روزانہ کی کوریج رپورٹ سے انہیں بھی آگاہ رکھیں۔

 انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو کا ہر راؤنڈ خصوصی اہمیت کا حامل ہے لہذا محکمہ صحت اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں نبھاتے ہوئے مہم کے اہداف کے حصول کویقینی بنائے اس ضمن میں جذبوں میں کمی نہیں آنی چاہیے۔