ملک کی حفاظت ، امن اورخوشحالی میں پاک فوج کااہم کردار ہے؛وفاقی وزیر پیر نورالحق قادری

91

لاہور،16جنوری(اے پی پی):وفاقی وزیر پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ ملک کی حفاظت ، امن اورخوشحالی میں پاک فوج کااہم کردار ہے ۔ریاست مدینہ کے بعد اسلام کا قلعہ پاکستان ہے۔ منبر ،مسجد اور محراب کو جو آزادی پاکستان میں حاصل ہے کسی ملک میں نہیں ،علماءکرام کو معاشرے کی بہتری کے لیے اپنا کرداد ادا کرنا ہو گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روزکل مسالک علماء بورڈ کے چیئرمین مولانا عاصم مخدوم کی جانب سے مقامی مسجد میں دئیے جانیوالے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے  کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ علماءکاکام اللہ کے دین اور حکم کی طرف راغب کرناہے اور یہ کام منبر سے سرانجام دیا جا سکتا ہے ،علماءکرام کو معاشرے کی بہتری کے لیے اپنا کرداد ادا کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ علماءمنبر سے ایسے بیان نہ دیں جس سے کسی کی دل آزاری ہو ،پاکستان جدید اسلامی فلاحی ملک ہے جسے ریاست مدینہ کے طرز پر بنائیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان مخالف اور اسلام مخالف پاکستان کی ساکھ کو کھوکھلا کرنا چاہتے ہیں یہ سب ناکام ہوگئے ہے اور آئندہ بھی ناکام ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے خلاف مہم جوئی کے تانے بانے دہلی اور تل ابیب سے شروع ہوکر لندن کے راستے پاکستان پہنچتے ہیں۔

پیر نورالحق قادری نے کہا کہ اس ملک کی حفاظت و امن خوشحالی میں پاک فوج کااہم کردار ہے ۔ریاست مدینہ کے بعد اسلام کا قلعہ پاکستان ہے ،لیبیا،یمن اور شام جیسے ممالک میں بھی پہلے فوج کو کمزور کیا گیا اور پھر اداروں کو تباہ کیا گیا۔ان کا مقصد اب پاکستان کی فوج کوکمزور کرکے اداروں کوتباہ کرناہے ہمیں ایسی مہم جوئی کو یکجا ہوکر ہی ناکام بناناہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے نام پر فوج کو برا بھلا کہاجارہاہے جو سراسر غلط ہے،حکومت کوگرانے کیلئے آئینی طریقہ استعمال کریں یاآئندہ الیکشن کا انتظار کریں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن میں جمہوریت نام کی کوئی چیز نہیں، انتشار اور فتنہ پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے،پی ڈی ایم والے کبھی کہتے ہیں الیکشن کمیشن ٹھیک نہیں، کبھی فلاں ادارہ ٹھیک نہیں، ہم اس سسٹم کو تباہ کرنے کا کسی کو اجازت نہیں دینگے۔

 انہوں نے ملک کی ایک معروف مذہبی شخصیت کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ سنت نبوی صل اللہ علیہ وآلہ وسلم  پر چلیں، ٹرمپ کی سنت پر نہ چلیں۔فرانس نے جو خاکے پیش کیے ان کے خلاف پاکستان اور ترکی نے موثر انداز میں کھل کر بات کی، وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں اپنی تقریر میں کہاتھا کہ تمام مسلم ممالک مل کر گستاخانہ خاکے بنانے والوں کے خلاف آواز بلند کریں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے وجود کو تسلیم کرنے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کا موقف دوٹوک ہے اور یہی وجہ ہے کہ دیگر ممالک جو اسرائیل کو تسلیم کرنے کا سوچ رہے تھے اب وہ بھی پیچھے ہٹنا شروع ہوگئے ہیں۔

پی ٹی آئی مذہبی امور ونگ کی دعوت پرچیئرمین رویت حلال کمیٹی مولانا عبدالخیر آزاد ، پی ٹی آئی مذہبی امور ونگ کے سیکرٹری جنرل پنجاب علامہ اصغر عارف چشتی، مولانا سلمان شاکر،پیر سید ناظم حسین شاہ،مفتی عاشق حسین،مراد یاسین،چوہدری ارشد گجر،مولاناافضل حیدری،پیر سید حبیب عرفانی،قبلہ قاسم علی قاسمی، حافظ کاظم رضاءنقوی،مولانا ایوب خان،شکیل الرحمن ناصر،بشپ عرفان جمیل،پیر افضل سلطان قادری،ریاض سلطان،مولانا سلمان شاکر،ڈاکٹر بدر منیر،پیراسد اللہ شاکر،عبدالرب امجدسمیت عیسائی وہندوبرادری کے اکابرین نے بھی تقریب میں شرکت کی۔