نارووال؛ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پرسہولت بازاروں میں اسٹالز لگانے والے دوکانداروں میں اعزازی شیلڈز تقسیم

77

نارووال،30جنوری( اے پی پی):سہولت بازاروں میں اسٹالز لگانے والے دوکانداروں کو سراہنے کیلئے ہفتہ کو یہاں کمیٹی روم میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں ڈپٹی کمشنر ظہیرحسن نے وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر اسٹالز لگانے والے دوکانداروں کواعزازی شیلڈز کیں۔

اس موقع پرڈپٹی کمشنرظہیر حسن نے کہا کہ ان دکانداروں اور تاجروں کا جذبہ قابل تحسین ہے جنہوں نے مصنوعی مہنگائی کی روک تھام کے لئے حکومت پنجاب کی طرف سے لگائے جانے والے سہولت بازاروں میں   ضلعی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور  تعاون کیا جس کی وجہ سے  منافع خوروں ، ذخیرہ اندوزوں اور ملاوٹ کرنے والوں کی حوصلہ شکنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ  تاجربرادری نے ہمیشہ کی طرح  حکومت کے عوام دوست اقدامات پر عمل درآمد کے لئے اپنا تعاون بڑھایا اور آج کی پروقار تقریب کا انعقاد  تاجروں و دکان داروں کی پزیرائی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ڈپٹی کمشنر ظہیر حسن نے اس موقع پر پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا کے نمائندگان کا بھرپور شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ ڈینگی سرویلینس ھو یا پولیو،کورونا ھو یا سہولت بازاروں کا قیام ضلع بھر کے تمام میڈیا نمائندگان کی طرف سے ان کا مثبت کردار نہایت قابل تحسین ہے اور ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

صدر مرکزی انجمن کریانہ مرچنٹ و تاجراں شاہجہان بٹ نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل وکرم سے انجمن کریانہ مرچنٹ  ہمیشہ کی طرح عوامی مفاد کے لئے حکومت کی طرف سے کی جانے والی کوششوں کے حوالے سے انتظامیہ کا ہر اول دستہ ثابت ہوگی اور شہریوں کو حکومتی سطح پر دیئے جانے والے ریلیف اور پیکج میں اپنا بھرپور حصہ ڈالے گی۔

تقریب میں اے ڈی سی آر عائشہ غضنفر اور اے سی سیدہ تہنیت بخاری نے بھی خطاب کرتے ھوئے سہولت بازاروں کو کامیاب بنانے میں انجمن کریانہ مرچنٹ و تاجراں کے کردار کو سراہا۔