پنجاب کے 12 اضلاع میں ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے ٹیکے لگانے کی مہم کا آغاز یکم فروری سے ہو گا

145

ملتان، 30جنوری(اے پی پی):پنجاب کے 12 اضلاع میں ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے ٹیکے لگانے کی مہم کا آغاز یکم فروری سے ہو گا،مہم کے دوران9 ماہ سے15 سال کی عمر کے 1کروڑ بچوں کی ویکسینیشن کی جائے گی اور

دوسرے مرحلے میں صوبہ کے24 اضلاع میں مہم شروع کی جائے گی۔

 مقامی ہوٹل میں “ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے لئے حفاظتی ٹیکے لگانے کی مہم اور میڈیا کا کردار” کے موضوع پر سیمینار منعقد ہوا، سیکرٹری ہیلتھ جنوبی پنجاب محمداجمل بھٹی  سیمینار میں بطور مہمان خصوصی  شریک ہوئے۔ انہوں نے سیمینار سے خطاب میں کہا کہ جنوبی پنجاب کے4 اضلاع میں ئائیفائیڈ سے بچاؤ کی مہم کا آغاز کیا جارہا ہے جن میں ملتان،لیہ،راجن پور اور ڈی جی خان  شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹائیفائیڈ ویکسین کو بھی حفاظتی ٹیکوں کی مہم میں شامل کر لیا گیا ہے ، ملتان میں 10 لاکھ بچوں کو ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے جائیں گے ۔

محمد اجمل بھٹی نے کہا کہ ضلع ملتان کی 65 اربن یونین کونسلوں میں مہم  شروع کی جارہی ہے، یہ مہم یونیسف اور ڈبلیو ایچ او کے تعاون سے شروع کی جارہی ہے۔

محمد اجمل بھٹی نے کہا کہ ضلع ملتان میں مہم کو کامیاب بنانے کے لئے643 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں82 ٹیمیں فکس سنٹرز پر جبکہ 561 ٹیمیں آوٹ ریچ کے طور  خدمات سرانجام دیں گی سیکرٹری ہیلتھ ساوتھ پنجاب نے کہا کہ ملتان میں مہم کو کامیاب بنانے کے لئے 1286 سوشل موبلائزرز حصہ لے رہے ہیں۔

ایم پی اے سلیم لابر  نے کہا مہم کو کامیاب بنانے کے لئے بھرپور کردار ادا کریں گے اور  ضلع ملتان میں ٹائیفائیڈ کے خلاف مہم شروع کرنے پر وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے شکر گزار ہیں۔

 سیمینار میں  ممبران اسمبلی قاسم خان لنگاہ اور سبین گل سمیت چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹراحمد اعجاز مسعود اور معرف کالم نگار خالد مسعود خان،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹرارشد ملک ، ڈی ایچ او ڈاکٹر محمد علی مہدی، ڈاکٹرشوکت ،ڈاکٹر عطاالرحمان اور محفوظ الرحمان بھی شریک ہوئے۔