–
لاہور، 18 جنوری (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے پیر کو یہاں ملاقات کی ہے، ملاقات میں کورونا کی دوسری لہر سے نمٹنے کیلئے کئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈاکٹر یاسمین راشد نے وزیر اعلی عثمان بزدار کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے اقدامات اورعلاج معالجے کی سہولتوں کے بارے میں آگاہ کیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایس او پیز پر موثر انداز میں عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپنی ذمہ داری نبھا رہی ہے، شہریوں کو بھی احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔ کورونا کے خلاف جنگ صبر وتحمل اور دور اندیشی سے لڑ رہے ہیں، زندہ قومیں آزمائش میں ہی بہتر راستے نکالتی ہیں ،کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے عوام کا تعاون بے حد اہمیت کاحامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جانب سے ایس او پیز پرعملدرآمد کرنے سے ہی حکومتی کوششیں بار آور ثابت ہوں گی، لاہور کے لئے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبے شروع کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا پی ڈی ایم کا ایجنڈا ترقی کے سفر میں رخنہ ڈالنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ عوام ترقی چاہتی ہے ، افراتفری نہیں، بدقسمتی سے اپوزیشن کا ٹولہ ملکی مفادات کو فراموش کرچکا ہے جبکہ منفی سیاست کا جواب عوام کی خدمت سے دیں گے، کرپٹ ٹولہ عوام کو گمراہ نہیں کر سکتا۔











