وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرنجے بن حسائن کی قیادت میں وفد کی ملاقات

78

لاہور، 26 جنوری (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرنجے بن حسائن کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں عالمی بینک کے تعاون سے صوبے کے سماجی وانفراسٹرکچر کے شعبوں کی بہتری کیلئے جاری پروگرام پر ہونے والی پیشرفت پر بات چیت کی گئی اورڈویلپمنٹ فریم ورک 2022-26 کے تحت اہداف کے حصول کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر عالمی بینک اور پنجاب حکومت نے مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا عالمی بینک پنجاب حکومت کااہم ترین ڈویلپمنٹ پارٹنر ہے، مختلف شعبوں میں مقرر کردہ اہداف کا حصول یقینی بنائیں گے،ڈویلپمنٹ فریم ورک

 2022-26 کے تحت اہداف حاصل کئے جائیں گے،بچوں میں غذائیت کی کمی کو دور کرنے کے لئے جامع پلان پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں تعلیم اور صحت کی سہولتوں کو نچلی سطح تک بہتر بنایا جا رہا ہے، یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام کا دائرہ کار پنجاب بھر میں بڑھایا جائے گا،دسمبر 2021 ء تک پنجاب کے ہر شہری کو یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام میں شامل کیا جائے گا جبکہ  زرعی شعبہ کی بہتری کے لئے عالمی بینک کے ماہرین سے استفادہ کریں گے اور شعبہ زراعت کی بہتری کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ضروری ہے،زرعی شعبہ کی ترقی سے کسان خوشحال ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے کاروبار میں آسانیاں پیدا کی گئی ہیں، سماجی و انفراسٹرکچرکے شعبوں کی ترقی کیلئے عالمی بینک کا تعاون لائق تحسین ہے، عالمی بینک کی جانب سے معاونت کا خیر مقدم کرتے ہیں،مستقبل میں بھی عالمی بینک سے بہترین کو آرڈینیشن کے ساتھ تعاون کرتے رہیں گے۔

 اس موقع پر عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے کہا کہ عالمی بینک پنجاب حکومت کے ساتھ قریبی تعاون کے تحت کام جاری رکھے گا۔