وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے چیچہ وطنی میں مختلف وفود کی ملاقاتیں

98

ساہیوال،21 جنوری(اے پی پی ): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے جمعرات  کو  چیچہ وطنی کے  مختلف وفود  نے  ملاقاتیں کیں ،ملاقات کرنے والوں میں سابق ناظمین، کونسلرز، پی ٹی آئی عہدیدار، سوشل میڈیا ورکرز، وکلاء، ا تاجران اور صحافی شامل تھے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وفود کے شرکاء کی تجاویز اور مسائل کو سن کر فوری عملدرآمد کے احکامات جاری کئےاورتاجروں کی تجویز پر سبزی منڈی چیچہ وطنی کی توسیع کے منصوبے کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار  نے  دکانداروں کی تجویز پر چیچہ وطنی میں ماڈل بازاروں کی پلاننگ کرنے کی بھی  ہدایت دی  اور کہا کہ نیا لوکل گورنمنٹ سسٹم عوام کی امنگوں اور ضروریات کے مطابق ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے عہدیدار اور کارکن عوام کی خدمت کے مشن میں حکومت کا ساتھ نبھائیں  گے ۔

وزیراعلیٰ  نے کہا کہ  پنجاب کے ہر چھوٹے بڑے شہر میں جاؤں گا اور عوام کے مسائل سنوں گا،عوام اور کارکنوں کی محبت میرا اثاثہ ہے، انہیں کبھی فراموش نہیں کرسکتا،چیچہ وطنی میں یونیورسٹی کیمپس کے قیام کی تجویز کا جائزہ لیں گے۔

رکن قومی اسمبلی رائے مرتضیٰ اقبال، صوبائی وزیر جنگلی حیات سید صمصام علی بخاری، سابق ایم این اے رائے حسن نواز اور معززین علاقہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔