وزیراعلیٰ پنجاب عثمان  بزدار سے صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی ملاقات

96

لاہور،14جنوری(اے پی پی) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے ملاقات کی۔ملاقات میں لاہور شہر میں صفائی کے لئے کئے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔میا ں اسلم اقبال نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو لاہور شہر کی صفائی کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ لاہور شہرسے کوڑا کرکٹ اٹھانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں،آپ محنتی اور باصلاحیت وزیر ہیں،آپ کولاہور کو صاف ستھرا بنانے کی ذمہ داری دی ہے-انہوں نے کہا کہ صفائی کے لئے خراب مشینری کو جلد فنکشنل کر کے روڈ پر لایا جائے، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور انتظامی افسران مشترکہ کاوشوں کے ذریعے کوڑا کرکٹ اٹھائیں۔

عثمان بزدار نے کہا کہ اندرون شہر، چھوٹی آبادیوں اور پوش علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے،مکینیکل سوپیرز کے ذریعے سڑکوں کو صاف کیا جائے۔ان کا کہنا ہے کہ جتنی جلد ہوسکے لاہور میں زیروویسٹ آپریشن مکمل کیا جائے-شہر کو صاف رکھنا چیلنجنگ ٹاسک ہے ۔ نئے جذبے اور عزم کے ساتھ اس کام میں جت جائیں ۔

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ سڑکوں کی صفائی کے ساتھ سٹریٹ لائٹس اور پیچ ورک کے لئے بھی فوری اقدامات کئے جائیں ۔کمشنر لاہور ڈویژن او رڈی جی ایل ڈی اے کی پوری سپورٹ آپ کے ساتھ ہوگی۔انہوں نے کہا کہ صفائی کے انتظامات کو خوب سے خوب تر بنانے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے-محنت اور جانفشانی کے ساتھ لاہور کو ایک بار پھر صاف ستھرا کر کے دکھائیں گے۔

عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ لاہور شہر کا تفصیلی دورہ کر کے صفائی کے انتظامات اور شہری سہولتو ں کا خود جائزہ لوں گا- اس موقع پر اسلم اقبال نے کہا کہ 40فیصد مشینری سے 85فیصد کوڑا کرکٹ اٹھا لیاہے-کل تک 6300ٹن کوڑا کرکٹ مزید اٹھائیں۔ گے،انشاء اللہ کل تک لاہور کو زیروویسٹ کر دیاجائے گا-انہوں نے کہا کہ ایل ڈبلیو ایم سی کا عملہ ہمہ وقت صفائی کے کام میں مصروف ہے،رات گئے تک میں خود فیلڈ میں موجود رہتا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ 40 بڑی سڑکو ں کو مکینیکل سوپیرز کے ذریعے صاف کیا جائے گا-

میا ں اسلم اقبال کا کہنا ہے کہ ماضی میں اربوں روپے کے قومی وسائل صفائی کے لئے لگائے گئے، ہماری حکومت کم خرچ میں لاہور کی صفائی کو یقینی بنائے گی،کوئی چیز شہریوں سے نہیں چھپائیں گے۔

اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عمران علی بھی موجود تھے۔