وزیراعلی سندھ کے خلاف نیب کے ریفرنسز چل رہے ہیں ، ان کو استعفی دینا چاہئے : حلیم عادل شیخ

69

   کراچی,27جنوری(اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنما و سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ کو استعفیٰ دینا چاہیے ،9 نیب ریفرنسز وزیر اعلیٰ کے خلاف چل رہے ہیں،صوبہ میں ہونے والی کرپشن کا ہم حساب لیں گے ،لاکھوں بچے تعلیم سے محروم ہے ، چارٹر آف ڈیموکریس میں آپ لوگ لکھتے ہیں کہ اپوزیشن لیڈر کو پبلک اکاﺅنٹ کمیٹی ملے گی لیکن آپ لوگوں نے سندھ اسمبلی میں اپنے لوگ بٹھائے ہیں ،اپوزیشن کا کوئی ممبر شامل نہیں کیا کیوں کہ آپ کو خطرہ ہے کہ آپ لوگوں کو کرپشن کرنے نہیں دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیر زمان ،پارلیمانی لیڈر بلال غفار،اراکین اسمبلی علی عزیز جی جی، شاہنواز جدون و دیگر بھی موجود تھے۔ حلیم عادل شیخ نے کہا وفاق میں بلاول زرداری چیئرپرسن انسانی حقوق کمیٹی بن سکتے ہیں سندھ میں فردوس شمیم نقوی کو کیوں نہیں بنایا گیا۔اسی طرح بہت ساری کمیٹیوں کی نمائندگی وفاق میں اپوزشن کو دی گئی ہے اسی طرح سندھ میں اپوزشن کو نمائندگی کیوں نہیں دی جارہی ہے ۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ سندھ میں سبسڈی پر 80 ارب روپے خرچ ہوئے ہیں، عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچا۔انہوں نے کہا کہ پہلے صرف سستا آٹا دینے کے لئے گندم پر سالانہ دو ارب سبسڈی دی جاتی تھی ، چار ارب کر دی گئی۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ حکومت نے اومنی گروپ کو فائدے دینے کے لیے ٹریکر اسکیم سبسڈی دی۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں ہر شعبہ میں کرپشن ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں امن امان صورتحال انتہائی خراب ہے، صحت اور تعلیم کا نظام بھی بہت خراب ہے ، اسکول مویشیوں کے باڑوں میں تبدیل کئے گئے ہیں ۔حلیم عادل شیخ نے کہا سندھ میں پاکستان پیپلزپارٹی کی حکمرانی کو مسلسل بارہ برس گزرچکے ہیں، پیپلز پارٹی صوبے پر 2008 سے حکمرانی کر رہی ہے ہرسال صوبائی حکومت کے اخراجات بڑھتے گئے لیکن تعلیم ،صحت، بلدیات، سڑکوں، ٹرانسپورٹ نکاسی و فراہمی آب، زراعت اور مجموعی طور پر عوام کی حالت میں کوئی خاص بہتری نہیں آسکی ہے لیکن اس کے باوجود صوبائی حکومت کے اخراجات میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ہم مثبت اپوِزیشن کرنے کو تیار ہیں آپ جواب دیں۔پی ٹی آئی کراچی کے صدر خرم شیر زمان نے کہا پچھلے آٹھ سالوں سے ہم عوام کی آواز بن رہے ہی، کراچی کو سندھ حکومت نے نظر انداز کر رکھا ہے اور عوام کو بنیادی سہولیات تک فراہم نہیں کی ہے ۔